شبانہ اعظمی کار حادثے میں شدید زخمی

شبانہ اعظمی کی گاڑی ممبئی-پونے شاہراہ پر حادثے کا شکار ہوئی — فائل فوٹو

بھارت کی مشہور اداکارہ شبانہ اعظمی کار کے حادثے میں شدید زخمی ہو گئی ہیں۔

بھارتی نشریاتی ادارے 'این ڈی ٹی وی' کی رپورٹ کے مطابق شبانہ اعظمی کی گاڑی کو حادثہ ممبئی- پونے شاہراہ پر اس وقت پیش آیا جب ایک ٹرک سے ان کی گاڑی جا ٹکرائی۔

گاڑی میں ان کے ہمراہ شوہر جاوید اختر بھی سوار تھے تاہم وہ حادثے میں محفوظ رہے۔

گاڑی میں ان کے ہمراہ شوہر جاوید اختر بھی سوار تھے — فائل فوٹو

حادثے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی گئیں جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جس گاڑی میں شبانہ اعظمی اور جاوید اختر سوار تھے اس کا بائیں جانب کا حصہ تباہ ہو چکا ہے جب کہ ایک ٹرک بھی وہاں موجود ہے جس کا پچھلا حصہ متاثر ہے۔

سوشل میڈیا پر موجود تصاویر میں نظر آ رہا ہے کہ شبانہ اعظمی زخمی حالت میں موجود ہیں جب کہ کچھ افراد انہیں گاڑی میں اسپتال منتقل کر رہے ہیں۔

شبانہ اعظمی کے چہرے پر زخموں کے نشان نظر آ رہے ہیں جب کہ ان کی آنکھیں بھی متاثر ہیں۔

'این ڈی ٹی وی' کی رپورٹ کے مطابق ان علاج کے لیے نئی ممبئی میں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق پولیس نے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے کہ گاڑی کی ٹکر ٹرک سے کیسے ہوئی اور اس میں کس کی غفلت تھی۔

واضح رہے کہ ممبئی-پونے ہائی وے 95 کلومیٹر طویل چھ لین کی شاہراہ ہے۔ اس شاہراہ پر دونوں شہروں کا سفر دو گھنٹے میں کیا جا سکتا ہے اس سے قبل دونوں شہروں کی سڑک سے مسافت چار گھنٹے میں طے ہوتی تھی۔ اس شاہراہ پر گزشتہ سالوں میں تیز رفتاری کے باعث متعدد حادثات ہو چکے ہیں۔

فائل فوٹو

یاد رہے کہ شبانہ اعظمی کو ان کی خدمات پر بھارت کا سب سے بڑا سویلین اعزاز 'پدما شری' 1998 میں دیا گیا تھا۔ وہ پانچ بار نیشنل فلم ایوارڈ بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔ انہوں نے آخر بار 2017 میں 'دی بلیک پرنس' نامی فلم میں کام کیا تھا۔