سال 2015 میں فلمی افق سے اوجھل ہونے والے فنکار

سال 2015 اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس سال کون کون سی فلمی ہستیاں دنیا سے گزر گئیں۔ آئیے اس پر ایک تفصیلی نظر ڈالیں

سال 2015 اپنے اختتام کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس سال کون کون سی فلمی ہستیاں دنیا سے گزر گئیں۔ آئیے اس پر ایک تفصیلی نظر ڈالیں:

سادھنا
سنہ 60 اور 70 کے عشرے کی مشہور ہیروئن 25 دسمبرکو دنیا سے رخصت ہوئیں۔ سنہ1941 میں کراچی میں رہائش پذیر سندھی فیملی میں جنم لینے والی سادھنا نے 30 فلموں میں کام کیا۔ انہوں نے نہ صرف اداکاری کے میدان میں اپنی دھاک بٹھائی بلکہ ان کا ہیر اسٹائل بھی اپنے دورمیں بہت مقبول ہوا۔

سعید جعفری
فلم ’شطرنج کے کھلاڑی‘ اور ’معصوم‘ جیسی کلاسک فلموں سمیت100سے زائد بالی وڈ فلموں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرنے والے سعید جعفری16 نومبر کو 86 سال کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئے۔ جعفری نے برطانوی فلموں میں بھی اداکاری کی اور ناقدین سے داد وصول کی۔ انہوں نے رائل اکیڈمی آف ڈرامیٹک آرٹس لندن سے تعلیم حاصل کی تھی۔

رویندرجین
ویٹرن میوزک ڈائریکٹر، سنگر اور نغمہ نگار 9 اکتوبرکو اس دنیا سے رخصت ہوئے۔ان کی عمر 71 سال تھی۔ رویندر جین نے ’چورمچائے شور‘، ’گیت گاتا چل‘، ’اکھیوں کے جھرونکوں‘ سے اور ’چت چور‘ جیسی کامیاب فلموں کے لئے لازوال میوزک تخلیق کیا۔ انہوں نے متعدد ٹی وی سیریلز اور میتھولوجیکل فلموں کی موسیقی بھی دی۔

آدیش شری واستو
بالی وڈ کی میوزک انڈسٹری کو دوسرا بڑا نقصان سال2015میں آدیش شری واستو کی موت کی صورت میں اٹھانا پڑا۔ وہ پچھلے کئی سال سے کینسر کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے۔آدیش شری واستونے ’کیا ادا کیا جلوے تیرے پارو‘، ’ہاتھوں میں آگیا جو کل۔۔‘، ’سونا سونا‘، ’شاوا شاوا‘، ’گستاخیاں‘، ’گڑ نالوں عشق مٹھا‘، ’مورا پیا‘ اور دیگر بہت سے سپرہٹ گانوں کا میوزک دیا۔

اشرف الحق
تھیڑ اور فلموں کے اداکار اشرف الحق کو فقرے اور ٹریفک سنگل میں کئے گئے ان کے کرداروں پر بہت پذیرائی ملی۔ وہ 18 فروری کو 45 سال کی عمر میں چل بسے۔ اشرف الحق نے ’کمپنی‘، ’جنگل‘، ’راون‘، ’دیوار‘، ’بلیک فرائیڈے‘ اور دیگر فلموں میں بھی اہم کردار ادا کئے۔

فلمی افق سے گم ہوجانے والے پاکستانی فنکار
رواں سال بھارتی فنکاروں کے علاوہ جن پاکستانی ایکٹرز اور دیگر آرٹسٹوں نے وفات پائی ان میں صدارتی ایوارڈ یافتہ کلاسیکل گائیک استاد غلام حسن شگن ، ٹی وی اور اسٹیج کی فنکارہ مہوش، پرائڈ آف پرفارمنس سارنگی نواز استاد اللہ رکھا،پنجابی فلم’ مولاجٹ‘ کے معروف ہدایت کار یونس بٹ، نغمہ نگار سید احمد شاہ، کامیڈین اور کمپیئر فرید خان، ڈرامہ نویس، ہدایت کار اور معروف فنکار کمال احمد رضوی بھی شامل ہیں۔