افغانستان: اتحادی افواج پر حملے جاری

ملک کے مشرقی صوبہٴغزنی میں ایک فوجی اڈے کے باہر ایک خودکش کار بم حملہ ہوا، جہاں امریکی اور پولینڈ کی فوجیں تعینات ہیں
افغانستان میں باغیوں نے بدھ کے روز مختلف مقامات پر امریکی قیادت میں کام کرنے والی اتحادی افواج پر حملے کیے۔

ملک کے مشرقی صوبہٴغزنی میں ایک فوجی اڈے کے باہر ایک خودکش کار بم حملہ ہوا، جہاں امریکی اور پولینڈ کی فوجیں تعینات ہیں۔ دھماکے کے بعد، گولیوں کا تبادلہ ہوا، جس واقعے میں مبینہ طور پر پولینڈ کے متعدد فوجی زخمی ہوئے۔

لڑائی کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں کی اصل تعداد معلوم نہیں ہوسکی، اور فوری طور پر یہ بھی واضح نہیں ہوپایا آیا إِن میں جنگجوؤں اور شہریوں کی کُل تعداد کتنی تھی۔

طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

اس سے قبل، بدھ ہی کو ایک خودکش کار بمبار نے لشکر گاہ میں اتحادی قافلے پر حملہ کیا، جو جنوبی صوبہٴہیلمند کا دارالحکومت ہے۔

دھماکے میں چار شہری ہلاک اور 15زخمی ہوئے۔

اس حملے کی ابھی تک کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔

ادھر مختلف واقعات میں افغانستان کے مغربی صوبہٴ فرح میں ایک کار پارکنگ پر راکٹ داغا گیا، جہاں ٹرکوں کے ذریعے اتحادی افواج کو تیل فراہم کیا جاتا ہے۔

یہ راکیٹ ایک گاڑی کو جا لگا، جس میں آگ بھڑک اٹھی۔ آگے کے شعلوں کی لپیٹ میں آکر چھ افغان ڈرائیور ہلاک اور 10زخمی ہوئے، جب کہ 40ٹرک تباہ ہوگئے۔


طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری بھی قبول کی ہے۔