افغان حکام نے بتایا ہے کہ پیر کو ملک کے مشرقی حصے میں دو بم دھماکوں میں دوپولیس افسر ہلاک اور 25 افراد زخمی ہو گئے۔
افغان وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ یکے بعد دیگرے یہ دونوں دھماکے جلال آباد صوبے میں ایک مسجد کے قریب ہوئے۔ زخمی ہونے والوں میں 16پولیس اہلکار اور نو افغان شہری ہیں۔ جلا ل آباد میں ماضی میں بھی شدت پسند ایسے حملے کرتے رہے ہیں۔
گذشتہ مہینے جلال آباد میں کابل بینک کی برانچ پر خودکش حملوں میں کم از کم 35 افراد ہلاک اور 70 زخمی ہو گئے تھے۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔
ایک روز قبل بھی افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیکا میں سڑک میں نصب بم پھٹنے سے خواتین اور بچوں سمیت 12 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔