افغانستان میں تعینات غیر ملکی افواج کے مطابق شدت پسندوں کے حملے میں ان کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔
بین الاقوامی سکیورٹی فورس ایساف نے پیر کو جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ غیر ملکی فوجی کی ہلاکت ملک کے مشرقی حصے میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں ہوئی۔ تاہم نا تو فوجی کی قومیت بتائی گئی ہے اور نا ہی اس واقعہ کی مزید تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
افغانستان میں شدت پسندوں کے خلاف لڑائی میں شریک بین الاقوامی افواج کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار سے تجاوز کر گئی ہیں۔ 2001ء سے جاری لڑائی کے دوران کسی ایک سال میں ایساف فورس کو سب سے زیادہ جانی نقصان گذشتہ برس ہوا تھا جب اس کے 700 سے زائد فوجی مختلف پرتشدد کارروائیوں میں ہلاک ہوگئے تھے۔