افغان پولیس کے 25 فیصد رنگروٹ پولیس کو چھوڑ دیتے ہیں: نیٹو

فائل فوٹو

اِس کے باعث، افغانستان میں پولیس افسروں اور فوجیوں کی نفری میں اضافہ کرنے کی کوششوں میں رکاوٹ پڑ رہی ہے

افغان فوج اور پولیس کی تربیت کے ذمّے دار نیٹو کے جنرل نے کہا ہے کہ افغان سکیورٹی فورسز میں ایسے لوگوں کی بلند شرح کہ وجہ سے، جو جلد ہی ملازمت چھوڑ دیتے ہیں، افغانستان میں پولیس افسروں اور فوجیوں کی نفری میں اضافہ کرنے کی کوششوں میں رکاوٹ پڑ رہی ہے۔

لیفٹننٹ جنرل وِلیم کالڈ وَیل نے بدھ کے روز کہا ہے کہ تقریباً 25 فیصد پولیس افسر، پولیس کی نوکری چھوڑ دیتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی قومی پولیس فورس کے اندر نوکری چھوڑنے والے بہترین تربیت یافتہ اور سب سے زیادہ تعلیم یافتہ پولیس افسروں کی شرح تقریباً 67 فیصد ہے۔

کالڈ وَیل نے کہا ہے کہ افغان فوج کو بھی نوکری چھوڑ دینے والوں کے مسئلے کا سامنا ہے۔ لیکن یہ مسئلہ اتنا شدید نہیں ہے جتنا پولیس میں ہے۔

کالڈوَیل نے کہا ہے کہ مسئلے کی بڑی یہ ہے کہ ابھی حال ہی تک افغان پولس افسروں کو باضابطہ تربیت نہیں دی جاتی تھی۔انہوں نے کہا ہے کہ نیٹو کی فوجوں نے افغانستان میں اب تک 30 فیصد پولیس کو تربیت فراہم کی ہے۔

امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ طے شدہ پروگرام کے تحت 2013 ء تک افغان فوج کی نفری کو دو لاکھ 40 ہزار تک بڑھا دیا جائے گا اور پولیس کی نفری کو ایک لاکھ 60 ہزار کردیا جائے گا۔