افغانستان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ منگل کو شمالی شہر مزار شریف کے قریب فوجی اڈے پر تربیت کے دوران ہونے والی بحث و تکرار نے افغان فوجی کو اپنے امریکی تربیت کاروں پر فائرنگ کر کے انھیں ہلاک کرنے پر اُکسایا۔
اس واقعہ میں ملوث افغان فوجی کو وہاں موجود دوسرے فوجیوں نے ہلاک کردیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دوسرا افغان فوجی بھی مارا گیا۔ فائرنگ سے تربیت دینے والا ایک امریکی ماہر اور ایک افغان فوجی زخمی بھی ہوگیا تھا۔
نیٹو نے کہا ہے کہ مزار شریف کے قریب شاہین بیس پر ہتھیاروں کی تربیت کے دوران یہ واقعہ پیش آیا جس کی تحقیقات افغان اور نیٹو حکام پر مشتمل ایک ٹیم نے شروع کردی ہیں۔
ایک ہفتہ قبل افغانستان کے جنوبی ہلمند صوبے میں بھی ایک فوجی اڈے پر ایک افغان فوجی تین برطانوی فوجیوں کو ہلاک کرنے کے بعد وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیاتھا۔
افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج مقامی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کو تربیت دینے کے لیے قریبی تعاون کر رہی ہیں تاکہ اُنھیں جلد سے جلد اپنے ملک کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے قابل بنایا جا سکے ۔