اسلام آباد —
مشرقی افغانستان میں بدھ کے روز انتہائی مسلح دو خودکش بم حملہ آوروں نے محکمہٴ تعلیم کے دفتر پرحملہ کیا، جس میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے۔
عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ مشرقی صوبہٴ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد کی ایک عمارت کے اندر نامعلوم حملہ آوروں نے عملے پر بلا امتیاز شدید گولیاں چلائیں۔
صوبائی حکومت کے ترجمان، عطااللہ خوگیانی نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ حملے میں 17 افراد زخمی ہوئے۔
اُنھوں نے بتایا کہ عمارت کو گھیرے میں لیے جانے کے بعد، افغان سکیورٹی نے فوری طور پر احاطے کی ناکہ بندی کی اور چار گھنٹے کی کارروائی کے بعد 20 افراد کو بازیاب کرایا۔ ابھی تک کسی نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔