افغان حکام نے بتایا ہے کہ ملک کے مشرقی صوبے میں ہفتے کو سڑک میں نصب بم پھٹنے سے نو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ دھماکا خوست میں ہوا اور ہلاک ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
دریں اثناء حکام نے بتایا ہے کہ شمال مغربی صوبے فریاب میں ایک خودکش حملہ آور نے بزکشی کے روایتی کھیل کے دوران میدان میں گھس کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس سے چار افراد ہلاک اور 19 زخمی ہوگئے۔
ادھر عسکریت پسندوں نے ہفتے کی صبح دارالحکومت کابل میں دو راکٹ فائر کیے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس حملے میں کسی شخص کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
فرانسیسی خبررساں ادارے کے مطابق ایک راکٹ صدارتی محل کے احاطے اور وزارتوں کی عمارت کے قریب گرا۔