فرانس نے کہا ہے کہ وہ 2012ء کے آخر تک افغانستان میں موجود اپنی ایک چوتھائی فوج واپس بلالے گا۔
یہ اعلان فرانسیسی صدر نکولس سارکوزی نے منگل کو افغانستا ن کے غیر اعلانیہ دورے کے موقع پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال کے اواخر تک ان کے ایک ہزار فوجی ملک چھوڑ دیں گے۔ ان کے بقول بقیہ تین ہزار فرانسیسی فوجیوں کی اکثریت مشرقی افغانستان میں تعینات رہے گی۔
صدر سارکوزی کے دورے سے ایک روز قبل افغانستان میں ایک فرانسیسی فوجی اپنے ساتھی اہلکار کی طرف سے حادثاتی طور پر ہونے والی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تھا۔ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
افغانستان میں2001ء سے شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 64فرانسیسی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
افغانستان میں موجود تمام بین الاقوامی لڑاکاافواج سکیورٹی کی ذمہ داریاں افغان فورسز کو سونپ کر 2014ء کے آخر تک نکل جائیں گی۔