افغانستان: داعش کے کمانڈر نے 11 ساتھیوں کو مار دیا

ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ نے صحافیوں کو بتایا کہ داعش کے کمانڈر زمین جان نے اپنے ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔

افغان حکام کے مطابق شدت پسند گروپ ’داعش‘ کے ایک کمانڈر نے مشرقی صوبہ ننگرہار کے علاقے اچین میں اپنے ہی 11 ساتھیوں کو ہلاک کر دیا۔

وائس آف امریکہ کے ذبیح اللہ غازی اور نور زاہد کی رپورٹ کے مطابق ننگرہار کے گورنر کے ترجمان عطااللہ نے جمعہ کو صحافیوں کو بتایا کہ داعش کے کمانڈر زمین جان، جسے ابوبکر کے نام سے جانا جاتا ہے، نے اپنے ساتھیوں کو موت کے گھاٹ اتارا۔

لیکن اُنھوں نے ایک کمانڈر کے ہاتھوں اپنے ہی ساتھیوں کی ہلاکت کے اس غیر معمولی واقعے کی زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں۔

گورنر کے ترجمان عطااللہ نے کہا کہ اپنے ساتھیوں کو مارنے والا کمانڈر طالبان جنگجوؤں کی فائرنگ میں زخمی ہو گیا اور اب وہ طالبان ہی کے پاس ہے۔

مقامی رہائشیوں اور طالبان کے بیانات کے مطابق داعش کے کمانڈر زمین جان نے اپنے ساتھیوں سے اس بنا پر بدلا لیا کہ اُنھوں نے طالبان میں شامل اُس کے بھائی کو رواں ہفتے ایک لڑائی میں ہلاک کر دیا تھا۔

تاہم داعش کی طرف سے ایسی اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔

داعش نے صوبہ ننگرہار بشمول اچین میں اپنے قدم جمائے ہیں اور اس کے جنگجوؤں نے سرکاری فورسز کی چوکیوں پر بھی متعدد حملے کیے ہیں۔

جب کہ اس گروپ کی طالبان کے ساتھ بھی مہلک جھڑپیں ہوتی رہی ہیں۔

افغان اور نیٹو فورسز نے حال ہی میں داعش کے خلاف کارروائیاں کیں اور بہت سے علاقوں سے داعش کے جنگجوؤں کا صفایا کیا۔

لیکن اس گروپ کا اب بھی ننگرہار میں اثر موجود ہے جہاں داعش کے خوف سے ہزاروں بچے اسکول نہیں جا پا رہے کیوں کہ یہ گروہ اسکولوں کو کھولنے کا مخالف ہے۔

حال ہی میں داعش نے ننگر ہار میں اپنے پروپیگنڈہ ریڈیو کی نشریات دوبارہ بحال کر دی ہیں، رواں سال کے اوائل میں ایک فضائی کارروائی میں اس کے ریڈیو اسٹیشن کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد نشریات کا سلسلہ رک گیا تھا۔