افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا ہے اور حکام نے اس حادثے میں چھ غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
کابل میں نیٹو کی زیر قیادت بین الاقوامی فوجی اتحاد نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ حادثہ جمعرات کو جنوبی افغانستان میں پیش آیا اور اس کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
’’لیکن ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثے کے وقت علاقے میں دشمن کی کوئی سرگرمی نہیں تھی۔‘‘
بیان میں مرنے والے فوجیوں کے خاندانوں کو مطلع کرنے تک مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا گیا ہے۔
گزشتہ سال اگست میں مشرقی افغانستان میں ہیلی کاپٹر کے ایک حادثے میں نیٹو کے 30 فوجی ہلاک ہوگئے تھے جن میں امریکی نیوی کے 22 سیل کمانڈو بھی شامل تھے۔