افغانستان میں تیل کی تلاش کی تیاریاں

افغانستان کے وزیر برائے توانائی واحدالله شاہ رانی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک جولائی یا اگست میں بین الاقوامی کمپنیوں کو باضابطہ پیشکش کرے گا کہ وہ افغانستان کے شمال مغربی علاقے میں تیل کی تلاش کریں۔

پیر کے روز لندن میں تیل کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کی کانفرنس سے خطاب کے دوران افغان وزیر نے کہا کہ ابتدا میں ایسے منصوبے کاشکری آئل بلاک میں شروع کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ آئندہ سال اس سے بڑے تیل اور گیس کے ذخائر رکھنے والے علاقے افغان تاجک بیسن میں قدرتی وسائل کی کھوج کے لیے معاہدے متوقع ہیں۔

افغانستان نے گذشتہ برس تیل اور گیس کی تلاش کے سلسلے میں کئی بین الاقوامی کمپنیوں کا انتخاب کیاگیا تھا لیکن واحدالله کے مطابق اس وقت ملک میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے پیش نظر حالات اس قدر موزوں نہیں تھے کہ کوئی معاہدہ کیا جا سکے، جس کے باعث یہ عمل دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ حال میں امریکی اور افغان حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان میں وسیع معدنیاتی ذخائر موجود ہیں جن کی کل مالیت ایک کھرب ڈالر سے زیادہ ہے۔

افغان صدر حامد کرزئی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان قدرتی وسائل کے حصول کے لیے عالمی خریداروں میں مسابقت کی ایک دوڑ شروع ہو جائے گی لیکن افغان حکومت اپنے مفادات کا خیال رکھتے ہوئے صورتحال کو سنبھال لے گی۔