افغان سکیورٹی فورسز نے کابل میں اُس مقام کے قریب ایک مشتبہ خودکش بمبار کو ہلاک کر نے کا دعویٰ کیا ہےجہاں رواں ہفتے روایتی لویہ جرگہ منعقد کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مشتبہ شخص پیر کے روز بارود سے بھرا ایک تھیلا لے کر جارہا تھا جب اُس پر فائرنگ کی گئی۔
یہ واقعہ طالبان عسکریت پسندوں کے اُس دعوے کے بعد پیش آیا ہے کہ انھوں نے جرگہ اجلاس کے موقع پر کیے جانے والے حفاظتی انتظامات کے نقشے اور دیگر دستاویزات حاصل کرلیے ہیں۔
لیکن افغان حکام اور نیٹو افواج نے طالبان کی ایک ویب سائٹ پر جاری کی گئی تفصیلات کو جعلی قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔ ان کے بقول ان بے بنیاد دعوؤں کا مقصد جرگے میں شرکت کرنے والوں کو خوفزدہ کرنا ہے۔
طالبان نے کہا ہے کہ اُس نے سکیورٹی پلان کی معلومات ’’دشمن کی صفوں میں موجود‘‘ اپنے ساتھیوں سے حاصل کی ہیں اور ان کی مدد سے وہ جرگے پر حملے کریں گے۔
سکیورٹی پلان کی تفصیلات حاصل کرنے سے متعلق طالبان کے تشہیر کردہ پیغام کا انگریزی ترجمہ اتوار کو امریکہ میں قائم ایک تنظیم نے جاری کیا جوعسکریت پسندوں کی ویب سائٹس پر نظر رکھتی ہے۔
کابل میں ہونے والے جرگے میں طالبان کے ساتھ مفاہمت اور امریکہ کے ساتھ افغانستان کے اسٹریٹیجک معاہدے کی کوششوں پر بحث کی جائے گی۔