افغان حکومت نے طالبان کے گڑھ پر قبضہ مکمل کر لیا

افغانستان کے جنوبی شہر مارجہ میں افغان پرچم لہرایا گیا جہاں نیٹو اور افغان فورسز طالبان کے سابق مضبوط گڑھ میں آخری بچے کھچے عسکریت پسندوں سے لڑ رہی ہیں۔

جمعرات کے روز ایک تقریب میں افغان حکومت نے صوبے ہلمند کے اس شہر کا کنٹرول سر کاری طور پر دوبارہ حاصل کیا۔

اس بڑی فوجی کارروائی میں نیٹو اور افغانستان کے 15 ہزار فوجیوں نے حصہ لیا۔ اس کا اگلا مرحلہ مارجہ میں سرکاری سہولیات کی بحالی ہے۔

عہدے داروں نے گزشتہ چند روز میں نسبتاً کم جھڑپوں کی خبر دی ہے اور انہوں نے کہا کہ جو مقامی رہائشی لڑائی سے بچنے کے لیے گھر چھوڑ کر چلے گئے تھے وہ اب واپس آرہے ہیں۔

نیٹو کے کمانڈروں نے کہا ہے کہ افغان آبادی کا اعتماد جیتنا جنوب کی اس کارروائی کا ایک اہم مقصد ہے۔ تاہم طالبان کے حملوں کے جواب میں کارروائی کرنے کے لیے اتحادی فوجیوں کے لیے سخت ضابطوں کے باوجود عام شہریوں کی اموات کے واقعات جاری ہیں۔