نیٹو کا کہنا ہے کہ بدھ کے روز جنوبی افغانستان میں شدت پسندوں کے دو مختلف حملوں میں اس کے پانچ فوجی ہلاک ہوگئے ہیں جس کے بعد گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مارے جانے والے اتحادی افواج کے اہلکاروں کی تعداد بڑھ کر آٹھ ہو گئی ہے۔
نیٹوکے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چار فوجی شدت پسندوں کی جانب سے نصب کردہ خود ساختہ بم پھٹنے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے جب کہ ایک الگ حملے میں مزید ایک فوجی مارا گیا۔ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کا تعلق کس ملک سے ہے البتہ جنوبی افغانستان میں زیادہ تعداد امریکی، برطانوی ، کینیڈا اور ہالینڈ کی افواج کی ہے۔
ادھر طالبان جنگجوؤں نے منگل کی رات جنوبی صوبے قندھار میں افغان پولیس کے مرکز پر ایک مربوط حملہ کر کے تین امریکی فوجیوں اور ان کے ساتھ کام کرنے والے پانچ افغان مترجمین کو ہلاک کر دیا تھا۔
مقامی حکام کے مطابق میر واعظ میانی کے علاقے میں افغان نیشنل سول آڈر پولیس کے ہیڈ کواٹرز پر کیے گئے حملے میں ایک افغان پولیس اہلکار بھی مارا گیا ہے ۔اس علاقے میں حالیہ ہفتوں کے دوران متعدد نئی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔
نیٹو کا کہنا ہے کہ پہلے ایک خودکش بمبار نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے مرکز کے داخلی راستے پر دھماکا کیا جس کے بعد خودکار ہتھیاروں اور دستی بموں سے لیس اس کے ساتھیوں نے مرکز پر دھاوا بولنے کی کوشش کی جس کو اتحادی افواج اور افغان پولیس کے اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔
طالبان کے ترجمان نے بدھ کو میڈیا کے نمائندوں سے فون پر رابطہ کر کے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی اور دعویٰ کیا کہ اس میں 13 غیر ملکی فوجی اور آٹھ افغان سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔ ماضی میں شدت پسند اپنی کارروائیوں میں ہلاک کیے جانے والے سکیورٹی اہلکاروں کی تعداد بڑھا چڑھا کر بیان کرتے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ طالبان تحریک کا آغاز قندھار سے ہوا تھا اور اب بھی یہ علاقہ شدت پسندوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ اتحادی افواج افغانستان کے جنوبی حصوں میں عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشن کا ارادہ رکھتی ہیں اور اس کے لیے یہاں فوجیوں کی تعداد میں اضافے کے ساتھ
ساتھ افغان سکیورٹی فورسز کی استعداد کارمیں بہتری لائی جا رہی ہے۔
دریں اثنا ء ملک کے جنوبی علاقے میں اْس افغان فوجی کی تلاش جاری ہے جو منگل کے روز تین برطانوی فوجیوں کو ہلاک کرنے کے بعد فرارہو گیا تھا۔ اس حملے میں چار برطانوی فوجی زخمی بھی ہوئے تھے اور افغان صدر حامد کرزئی نے نیٹو اور لندن سے مافی مانگتے ہوئے واقعے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا یقین دلایا تھا۔ آٹھ ماہ قبل بھی ایک افغان پولیس اہلکار نے ہلمند میں ایک چوکی پر تعینات پانچ برطانیوی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔