القاعدہ نے فرانسیسی یرغمالی کو ’ہلاک‘ کر دیا

(فائل فوٹو)

موریطانیہ کے خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ کے مطابق منگل کو ٹیلی فون کے ذریعے اسے فرانسیسی شہری فلپ وارڈن کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی۔
افریقہ کے ایک خبر رساں ادارے نے کہا ہے کہ شمالی افریقہ میں القاعدہ سے منسلک گروپ نے مالی میں ایک یرغمالی فرانسیسی شہری کو ہلاک کر دیا۔

موریطانیہ کے خبر رساں ادارے ’اے این آئی‘ کے مطابق منگل کو ٹیلی فون کے ذریعے اسے فرانسیسی شہری فلپ وارڈن کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی۔

خبر رساں ادارے نے اسلامک المغرب میں القاعدہ کے ایک ترجمان کے حوالے سے کہا کہ فرانسیسی شہری کو 10 مارچ کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

فرانس کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے شہری کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے لیکن اس پر مزید تبصرہ کرنے سے معذرت کی۔

فلپ وارڈن ان دو فرانسیسی شہریوں میں شامل تھے جنہیں مالی کے شمال سے 2011ء میں اغواء کیا گیا تھا، اطلاعات کے مطابق وہ ایک کاروباری دورے پر مالی آئے تھے۔

افریقہ کے خبر رساں ادارے نے کہا ہے کہ القاعدہ کی شمالی افریقہ کی ایک شاخ نے مالی میں فرانسیسی فوج کی مداخلت پر فلپ وارڈن کو قتل کیا۔

اس سے قبل منگل کی صبح فرانسیسی ریڈیو نے فلپ وارڈن کے والد کا ایک انٹرویو نشر کیا جس میں اُنھوں نے اپنے یرغمالی بیٹے کی حالت زار سے متعلق انتہائی کم معلومات کی فراہمی کی شکایت کی تھی۔

اُنھوں نے کہا تھا کہ نا تو فرانسیی عہدیداروں اور نا ہی جنگجوؤں نے فلپ کے بارے میں معلومات دی ہیں۔