البانیا اور کوسوو نے اتوار کے روز بتایا کہ انہوں نے امریکہ کی یہ درخواست قبول کر لی ہے جس میں امریکہ جانے کی خواہش رکھنے والے افغان مہاجرین کو عارضی طور پر اپنے ملک میں قیام کی اجازت دینے کے لیے کہاگیا تھا تاکہ اس دوران ان کے ویزوں کی پراسسنگ مکمل ہو سکے۔
دارالحکومت ترانہ میں وزیر اعظم ادی راما نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے اپنے نیٹو اتحادی ملک البانیا سے پوچھا تھا کہ آیا وہ ان بہت سے افغان مہاجرین کو اپنے ہاں عارضی قیام کی سہولت فراہم کر سکتے ہیں جن کی آخری منزل امریکہ ہے۔
راما نے فیس بک پر کہا ہے کہ"ہم انہیں 'ناں' نہیں کہیں گے۔ نہ صرف اس لیے کہ وہ ہمارے ایک عظیم اتحادی ہیں بلکہ اس لیے بھی کہ ہم 'البانیا' ہیں"۔
ذرائع کے مطابق بائیڈن انتظامیہ نے البانیا اور کوسوو سے اس بارے میں مذاکرات کیے تھے کہ امریکہ کے لیے کام کرنے والے افغان باشندوں کو طالبان سے محفوظ رکھنے کے لیے انہیں اپنے ہاں اس وقت تک عارضی طور پر قیام کی اجازت دے دی جائے جب تک امریکہ کے لیے ان کے ویزوں کی کارروائی مکمل نہ ہو جائے۔
کوسوو کی صدر ویوسا عثمانی نے کہا ہے کہ ان کی حکومت وسط جولائی سے افغان مہاجرین کے قیام سے متعلق امریکی حکام سے رابطے میں ہے۔
عثمانی نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ میں لکھا ہے کہ "کسی ہچکچاہٹ اور شرط کے بغیر میں نے انسانی ہمدردی کے اس آپریشن پر اپنی رضامندی ظاہر کر دی''۔
عثمانی نے کہا کہ امریکی سیکیورٹی حکام افغان مہاجرین کی جانچ پرکھ کریں گے اور وہ اس وقت تک کوسوو میں رہیں گے جب تک امیگریشن ویزے کے لیے ان کی دستاویزات مکمل نہیں ہو جاتیں۔
سن 1998-99 میں اس وقت کے یوگوسلاویہ کی فورسز کے ساتھ لڑائی کے بعد سے سینکڑوں امریکی فوجی کوسوو میں امن کاروں کے طور پر تعینات ہیں۔
کابل ایئرپورٹ کے لیے کمرشل فلائٹس معطل
ایمریٹس ایئرلائن نے کہا ہے کہ رن وے کی بندش کی وجہ سےکابل کے لیے اس کی ایک فلائٹ کا رخ تبدیل کرنا پڑا، جس کے بعد ایمریٹس نے کابل کے لئے اپنی پروازیں معطل کر دی ہیں۔
SEE ALSO: طالبان کابل پہنچ گئے، دفاتر اور کاروبار بند، خوف و ہراس کی فضافلائٹ ریڈار 24 کی ویب سائٹ کے مطابق ایمریٹس کی بوئنگ 777-300 فلائٹ کو کابل کی فضاؤں میں دیکھا گیا تھا، جس کے بعد وہ دبئی کی جانب لوٹ گئی۔
ایمریٹس کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہم افغانستان کے اندر ہونے والی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنی سروسز کے محفوظ آپریشن کے لیے تمام متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں۔