پاکستانی شوبزکے اداکاروں کے درمیان اٹھنے والے تنازع نے گویا پنڈورا بکس کھول دیا ہے ۔ اور میشا شفیع کے بعدتین اور خواتین نے بھی علی ظفرپر الزام لگایا ہے کہ وہ انہیں بھی جنسی طور پر ہراساں کر چکے ہیں۔
راک اسٹارعلی ظفر پر نئے الزامات پاکستانی میڈیا کی اہم خبربن گئے ہیں۔ لاہور کی ایک خاتون لیکچرر،ایک میک اپ آرٹسٹ او رایک خاتون بلاگرنے الزام لگایا ہے کہ وہ بھی میشاشفیع کی طرح علی ظفر کے ہاتھوں جنسی ہراساں کیے جانے کا نشانہ بن چکی ہیں۔
سوشل میڈیا پر میشا شفیع کی جانب سے آواز اٹھانے اور چپ توڑنے کو سراہتے ہوئے ان خواتین کا کہنا تھا کہ میشا نے بہادری کا کام کیا ہے۔
لاہورمیں رہائش پذیرخاتون لیکچرر ماہم جاوید نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ کئی سال پہلے علی ظفرنےان کی ایک کزن کے زبردستی قریب آنے کی کوشش کی اور انہیں ریسٹ روم لے جانا چاہا جسے ان کی کزن کی دوستوں نے ناکام بنا دیا۔
ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ2004یا2005کا ہے لیکن اس زمانے میں اس طرح کے واقعات پر بات نہیں کی جاتی تھی۔ علی ظفرایک سلیبرٹی تھا اور کوئی ہماری بات پر یقین بھی نہیں کرتا اس لئے کسی سے کچھ نہیں کہا۔
شوبز کی دنیا سے بطور میک اپ آرٹسٹ وابستہ لینا غنی بھی کچھ اسی نوعیت کا دعویٰ کیا ۔ لینا کا کہنا ہے کہ علی ظفر نے متعدد موقعوں پر ان سے اخلاق سے گری ہوئی گفتگو کی اور حد سے تجاوز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میں نے علی ظفر کی حرکات کو نظرانداز کرنے کی کوشش کی تھی لیکن اب لگتا ہے کہ سچائی کو سامنے لایا جانا چاہیے۔
ایک خاتون بلاگر حمنہ رضا نے بھی سوشل میڈیا پر علی ظفر پرایک تقریب میں سیلفی لینے کے دوران غیر اخلاقی حرکت کرنے کا الزام لگایا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ ایک تقریب کے دوران علی ظفر نے سیلفی لیتے ہوئے ان سے غیر اخلاقی حرکت کی تھی۔ میں نے اپنے دوستوں کو علی ظفر کی حرکت کے بارے میں بتایا اور ہم سب اس بات پر متفق تھے کہ علی ظفر اپنے حواس میں نہیں تھے۔
ادھر سوشل میڈیا پر سرگرم شوبز سلیبریٹیز میں سے کچھ نے علی ظفر کا ساتھ دیا تو کسی نے میشا شفیع کا۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے کہا ہے کہ میشا نے سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے سب کچھ کیا ہے۔
علی ظفر کی آنے والی فلم’ طیفا ان ٹربل‘ میں ان کی ساتھی اداکارہ مایا علی کا کہنا تھا کہ میں علی کے ساتھ ایک سال سے کام کررہی ہوں اور میں نے ان کی جانب سے کبھی کچھ غلط محسوس نہیں کیا۔
اداکارہ عروہ حسین نے میشا شفیع کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے ان کی بہادری کوسراہا ہے ۔
میشا شفیع نے گزشتہ روز علی ظفر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا، جبکہ علی ظفرنے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کے خلاف عدالت میں جائیں گے۔