پاکستانی سنگر اور ایکٹر علی ظفرکے بالی ووڈ فلموں کے کامیاب سفر کو پانچ سال مکمل ہوگئے ہیں۔ علی ظفر نے سنہ 2010 میں 17جولائی کو اپنی پہلی فلم ’تیرے بن لادن‘ سے اس سفر کاآغاز کیا تھا۔
اس موقع کو انجوائے کرتے ہوئے علی ظفر نے ٹوئٹ کیا کہ ’17جولائی 2010ء کو کوئی اندازہ بھی نہیں لگا سکتا تھا کہ ایک پاکستانی بھی بالی ووڈ میں ایسا کچھ کرجائے گا۔‘
انہوں نے اپنے تمام چاہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’جن لوگوں نے مجھ پر اعتماد کیا، اور جن لوگوں نے میرے کام کو سراہا ان کے لئے میرا بہت بڑا سا ’تھینکس‘۔ یہ تو ابھی شروعات ہے۔۔آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا۔‘
علی ظفر نے فلم ’تیرے بن لادن‘ کی کامیابی کے بعد ’لندن، پیرس، نیویارک‘، ’چشم بدور‘، اور ’ٹوٹل سیاپا‘ جیسی فلمیں کیں۔ اس کے علاوہ، انہوں نے یش راج فلمز کی ’لوکا دی اینڈ‘ میں بطور مہمان اداکار بھی کام کیا۔
انہوں نے اپنی دوسری کامیاب ترین فلم ’میرے برادر کی دلہن‘ بھی کی جو یش راج بینر نے ہی پروڈیوس کی تھی۔ اس فلم میں کترینہ کیف اور عمران خان نے بھی نمایاں کردار ادا کئے تھے۔ اسی فلم میں کام کرنے پر انہیں دو ایوارڈز ’اسٹارڈسٹ‘ اور ’دادا صاحب پھالکے اکیڈمی ایوارڈز‘ سے نوازا گیا۔
ان کی حالیہ فلم ’کل دل‘ تھی جس میں گووندا نے بھی ان کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملاکر کام کیا۔
فی الوقت وہ اپنی ہوم پروڈکشن ’ڈیوسائی‘ میں مصروف ہیں۔ فلم کی شوٹنگ پاکستان کے شمالی علاقوں میں کی جارہی ہے۔ وہ فلم میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ان کی صلاحیتوں کے اعتراف کے طور پر اب تک ’لکس اسٹائل‘، ’ایم ٹی وی اسٹائل‘، ’ایشین بالی ووڈ میوزک‘ اور ’اے آر وائی فلم‘ اور ’انڈس میوزک ایوارڈز‘ بھی دیئے جاچکے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی انہیں متعدد ایوارڈز مل چکے ہیں جن کی فہرست بہت طویل ہے۔