امریکہ میں نومبر کی چوتھی جمعرات کو یوم تشکر کے تہوار سے تعطیلات کے موسم کا آغاز ہو جاتا ہے، جس کے بعد کرسمس کی تیاریاں اور پھر کرسمس کے تہوار سے سال نو کے جشن تک تعطیلات کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
ان تمام مواقعوں اور تہواروں کی خوشیاں مناتے ہوئے کمیونیٹز کے نادار اور ضرورت مندوں کو فراموش نہیں کیا جاتا اور افراد اور فلاحی ادارےاور انہیں بھی ان تہواروں کی خوشیاں منانے کے مواقع فراہم کرتے ہیں اور ان کے لیے خصوصی کھانوں اور تحائف کا اہتمام کرتے ہیں۔
اس اہتمام میں امریکی مسلمان، پاکستانی امریکی اور ان کے ادارے بھی پیش پیش رہتے ہیں۔
امریکی مسلمانوں کی ایک سب سے بڑی تنظیم اسلامک کونسل آف نارتھ امریکہ کا فلاحی ونگ اکنا ریلیف یو ایس اے ایسا ہی ایک ادارہ ہے جو امریکہ بھر میں اپنے مختلف پروگراموں کے ذریعے عام دنوں میں اور خصوصی تہواروں کے موقعوں پر غریب اور ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے کارفرما رہتا ہے۔
یہ ادارہ اپنے ہنگر پرونشن پروگرام کے ذریعے ملک بھر میں قائم اپنی فوڈ پینٹریز کی مدد سے پورا سال غریب کمیونیٹز کے نادار افراد کو گرم پکے ہوئے کھانے ،خشک خوراک کے پیکٹس اور خوراک کے واؤچرز فراہم کرتا ہے۔
گزشتہ دنوں ہر دم رواں ہے زندگی میں اکنا ریلیف کے ایک ڈائریکٹرشاہد فاروقی نے نیویارک سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتےہوئے کہا کہ ہنگرپروینشن پروگرام کے تحت نیو یارک میں قائم ان کا ادارہ ہر ہفتے مقامی ریستورانوں کےتعاون سےایک ہزار نادار لوگوں کو گرم پکا ہوا کھانا فراہم کرتا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ ان کے ادارہ اپنے ایک اور بڑے پراجیکٹ کے تحت ہر سال تعطیلات کے بعد اسکول جانے والے ملک بھر کے ہزاروں بے گھر بچوں کو اسکول بیگ بھی فراہم کرتا ہے۔
پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فرینڈز آف ہیومنٹیز انٹر نیشنل کے بانی اور چیئرمین جاوید قریشی نے کہا کہ ان کا ادارہ، امریکہ اوردنیا بھر میں انفرادی طور پر اور دوسرے فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر انسانی ہمدردی کے مختلف پراجیکٹس اور اہم تہواروں کے موقعوں پر نادار افراد کے لیے خصوصی کھانوں اور تحائف کا اہتمام کرتا ہے۔ گزشتہ سال اس نے فلوریڈا میں تھینکس گوونگ کے موقع پر نادار افراد میں دو ہزار خوراک کے پیکٹ تقسیم کئے تھے اور اس سال بھی انہوں نے دو ہزار فوڈ باکس کا ہدف پورا کیا ہے۔
یونائیٹڈ مسلم کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین اور فریڈرک کاؤنٹی مسلم کونسل کے صدرڈاکٹر وسیم الحقنے ہر دم رواں ہے زندگی میں اپنے ادارےکے فلاحی پراجیکٹس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ادارہ اپنے سوپ کچن کے ذریعے اور فوڈ بنکوں کے نادار افراد کے لیے کھانوں اور ضرورت کی دوسری اشیا فراہم کرنے کا اہتمام کرتا ہے جب کہ ہر سال تھینکس گوونگ کے موقع پر امریکہ میں بھوک کے مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مارچ کا اہتمام بھی کرتا ہے۔
پروگرام کے تینوں شرکا ءکا کہنا تھا کہ اب جب کہ کرسمس اور سال نو کی تقریبات کی کی آمد آمد ہے۔ ان کے ادارے اس موقع پر بھی غریبوں کے لیے کھانوں اور تحائف کا اہتمام کریں گے۔