امریکہ میں ان دنوں کرسمس کی تیاریاں جاری ہیں اور لوگ تحائف کی خریداری کے لیے جوق در جوق شاپنگ مالز کا رخ کر رہے ہیں۔یہاں کرسمس پر خریداری کے بارے میں ملے جلے رجحانات نظر آرہے ہیں ،لیکن امریکن گرل نام کا ایک مشہور سٹور ، جس میں گڑیاں ، کتابیں اور دیگر لوازمات فروخت کئے جاتے ہیں ، امریکی مالی بحران سے متاثر نظر نہیں آتا ۔
امریکن گرل سٹور میں ایک آٹھ برس کی بچی اپنی گڑیا کو لے کر آئی ہے۔اس کا نام کیلی ہے ۔اور اسکی گڑیا کا نام بھی کیلی ہے جو بالکل اسی کے جیسی دکھائی دیتی ہے۔ وہ کہتی ہے کہ ہمارا لباس ایک جیسا ہے ، میں اپنی گڑیا جیسی ہی دکھائی دینا چاہتی ہوں ، مجھے اچھا لگتا ہے کہ میری ایک دوست ہے جو بالکل میری طرح ہے ۔
کیلی چینگ اپنی ماما لی این ویلن چینگ کے ساتھ کرسمس کی خریداری کے لیے ورجینیا کے اس مشہور سٹور امریکن گرل میں آئی ہیں ۔انہیں اس کرسمس پر جو تحفے چاہئیں ، انہیں یہ ابھی پسند کر رہی ہیں ۔ اور اب انہوں نے اپنی گڑیا کے بال ٹھیک کروانے کے کا فیصلہ کیا ہے۔کیلی کو اس مشہور برانڈ کی سب سے پہلی گڑیا بہت بچپن میں ملی ۔جس کے بعد اس کے پاس ان گڑیوں کی تعداد بڑھتی چلی گئی ۔کیلی کہتی ہے کہ میرے پاس اس سٹور کی نو گڑیا ہیں۔ جو میری ماں نے میرے لیے خریدی ہیں۔
اسکی ماں کا کہنا ہے کہ مجھے جو بات اس گڑیا کی پسند ہے وہ یہ ہے کہ یہ بچوں کی معصومیت کو قائم رکھتی ہے ۔
امریکن گرل نام کے اس سٹور میں ایسی گڑیا ئیں فروخت کی جاتی ہیں جو امریکہ کی تاریح کے مختلف ادوار پیش کرتی ہیں اس کے ساتھ ساتھ ایسی کتابیں بھی ملتی ہیں جو ہر گڑیا کی کہانی بیان کرتی ہیں۔ کٹ کٹریج نامی یہ گڑیا 1930ء کی دہائی میں امریکی تاریخ کے بد ترین معاشی بحران کے دوران پلی بڑھی ۔آپ کو یہاں ایسی گڑیا بھی ملیں گی جو شاید آپ کی اپنی بیٹی جیسی دکھائی دیں ۔مگر گڑیا کی قیمت خاصی زیادہ ہے اور اس کے ساتھ دیگر سازوسامان کی قیمت الگ سے ہے۔لیکن خریداری کے لئے آنے والا یہ خاندان مہنگائی کی شکایت نہیں کر رہا ۔
ولیری ٹرپ نے امریکن گرل سیریز کی30 سے زیادہ کتابیں لکھی ہیں۔وہ کہتی ہیں کہ انہیں آٹھ برس کی لڑکیوں کے لیے لکھنا بہت پسند ہے کیونکہ ان میں سے ذیادہ تر پہلی بار خود پڑھ رہی ہیں ۔ولری کہتی ہے کہ ہم چاہتے تھے کہ ہم آٹھ ، نواور دس برس کی لڑکیوں سے بات کرسکیں اور کہیں کہ آپ کی جو بھی پسند اور ناپسند ہے ، اس پر قائم رہیں۔وہ مزید کہتی ہیں کہ کسی اور کے تجربات میں اپنے آپ کو دیکھنا ایک زبردست صلاحیت ہے ۔ اگر آپ کسی ایسے شخص کے بارے میں پڑھ سکیں جو کسی اور زمانے میں موجود تھا تو یہ سیکھنے کا ایک زبردست طریقہ ہے ۔
کیلی چینگ کو کتابیں بہت پسند ہے لیکن اس کے خیال میں وہ اپنی بیٹی کے لیے گڑیا نہیں خریدے گی۔
ہو سکتا ہے کہ یہ کمپنی کیلی جیسی خریداروں سے محروم ہو جائے مگر یہاں ان جیسے کئی ننھے منے خریدار وں کی کوئی کمی نہیں ۔