تھری ایڈیئٹس میں بہترین اداکاری سے سنیمابین اور فلم ناقدین کا دل جیتنے والے بالی وڈ ہیرو عامر خان نے یہ اعلان کیا ہے کہ وہ اِس سال2010 میں کسی بھی فلم میں بطور ایکٹر کام نہیں کریں گے۔
گھبرائیے مت، عامر فلموں سے کنارہ کشی نہیں کررہے بلکہ عامر بطور پروڈیوسر اپنی اہلیہ کرن راؤ کی نئی فلم دھوبی گھاٹ، دہلی بیلے اور پیپلی لائیو فلموں کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر اور مارکیٹینگ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
سال میں صرف ایک فلم میں کام کرنے کے باوجود عامر بالی وڈ کا وہ درخشاں ستارہ ہے جس کی روشنی سے ساری فلم انڈسٹری روشن ہے۔ تارے زمین پر اور گجھنی جیسی سپرہٹ فلموں کے بعد اب تھری ایڈیئٹس کی باکس آفس پر ریکارڈ توڑ کامیابی نے 44 سالہ عامر کو نمبر ون ہیرو کی دوڑ میں سب سے آگے کھڑا کردیا ہے۔ لیکن عامر کی سوچ روایت سے ذرا ہٹ کر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلموں میں کام کرنے سے عارضی چھٹی لینے کا یہ بالکل صحیح وقت ہے۔
ایک پریس کانفرنس میں عامر نے کہا کہ وہ اِس سال بطور پروڈیوسر اپنی ہوم پروڈکشن فلموں کی عالمی سطح پر تشہیر کے لیے کام کرنا چاہتے ہیں اور اِسی لیے وہ فلموں میں اداکاری نہیں کریں گے۔
عامر نے مزید کہا کہ وہ خالی اوقات میں بطور ایکٹر نئی فلموں کی اسکرپٹ بھی پڑھیں گےاور اگر کہانی پسند آئے گی تو وہ ضرور فلم میں کام کریں گے۔ عامر عالمی فلمی مارکیٹ میں اپنی بنائی ہوئی فلموں کی مارکیٹینگ پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں۔
فلم تھری ایڈیئٹس کے بعد عامر نےابھی کوئی نیا فلمی معاہدہ سائن نہیں کیا ہے۔ بطور ہدایت کار اُن کی بیوی کی نئی فلم دھوبی گھاٹ میں وہ اہم کردار کر رہے ہیں۔ فی الحال عامر اپنی اہلیہ کو خوش کرنے کے لیے کھانا پکانا سیکھنے کی تیاری میں ہیں۔
اہلیہ کی دل جوئی کے لئے کھانا پکانا سیکھ رہے ہیں