ہالی وڈ کی اداکارہ اینجلینا جولی کی ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم 'دوز ہو وِش میں ڈیڈ' امریکی باکس آفس پر کامیابیاں سمیٹنے میں ناکام رہی۔
'وارنر برادرز' کے بینر تلے بننے والی فلم 'دوز ہو وِش می ڈیڈ' کو پانچ مئی کو دیگر ممالک جب کہ 14 مئی کو امریکہ میں ریلیز کیا گیا تھا۔
فلم کو بیک وقت اسٹریمنگ سروس ایچ بی او میکس پر بھی ریلیز کیا گیا جس نے اوپننگ ویک اینڈ پر امریکہ سے 28 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔
اس وقت باکس آفس پر کمائی کے حساب سے پہلے نمبر پر ڈراؤنی فلم 'اسپائرل' ہے جس نے جمعے سے اتوار کے دوران 87 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔
اس کے ساتھ ہی باکس آفس پر دوسرے نمبر پر ایکشن اور تھرل سے بھرپور فلم 'راتھ آف مین' ہے جس نے 37 لاکھ سے زائد کا بزنس کیا۔
معروف ہالی وڈ اداکارہ اینجلینا جولی کی فلم 'دوز ہو وِش میں ڈیڈ' باکس آفس پر تیسرا نمبر حاصل کر سکی جس نے 28 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔
فلم 'دوز ہو وِش می ڈیڈ' نے دنیا بھر سے مجموعی طور پر 71 لاکھ ڈالر کمائی حاصل کی ہے۔
میڈیا سے متعلق تجزیہ کرنے والی امریکی کمپنی کوم اسکور کے مطابق فلم 'دوز ہو وش میں ڈیڈ' کو تین ہزار 188 سنیما گھروں میں پیش کیا گیا تھا جو کہ ایک اچھی تعداد تصور کی جا رہی ہے، کیونکہ وبا کے دوران فی الحال 65 فی صد سنیما گھر ہی کھلے ہیں۔
SEE ALSO: 'گوڈزیلا ورسز کونگ' کا کرونا وبا کے دوران باکس آفس پر ریکارڈ بزنسٹیلر شیرڈن کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'دوز ہو وِش می ڈیڈ' کی کہانی مائیکل کوریٹا کے ناول پر مبنی ہے جس میں ایک نوجوان لڑکی اپنے والد کے قتل کی گواہ ہوتی ہے۔
فلم میں اداکارہ اینجلینا جولی کے علاوہ اداکار نکولس ہولٹ، ایڈن گلن سمیت دیگر نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
اس سے قبل وارنر برادرز کی ہی فلم 'گوڈزیلا ورسز کونگ' اور 'مورٹل کومبیٹ' کو بھی بیک وقت تھیٹر اور آن لائن ریلیز کیا تھا اور دونوں فلمیں ہی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھیں۔