رسائی کے لنکس

بافٹا ایوارڈز: 'نومیڈ لینڈ' بہترین فلم سمیت چار ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب


فلم نومیڈ لینڈ کی ہدایت کاری کرنے والی کلووی ژاؤ وہ دوسری خاتون ہدایت کارہ ہیں جنہوں نے بافٹا ایوارڈز میں 'بہترین ہدایت کار' کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے
فلم نومیڈ لینڈ کی ہدایت کاری کرنے والی کلووی ژاؤ وہ دوسری خاتون ہدایت کارہ ہیں جنہوں نے بافٹا ایوارڈز میں 'بہترین ہدایت کار' کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے

گولڈن گلوب اور پروڈیوسرز گِلڈ آف امریکہ کے بعد ڈرامہ فلم 'نومیڈ لینڈ' نے 'بافٹا' ایوارڈز میں بھی بہترین فلم سمیت چار ایوارڈز حاصل کر کے میدان مار لیا۔

چوہترویں 'بافٹا ایوارڈز' کی رنگا رنگ ورچوئل یعنی آن لائن تقریب 11 اپریل کو لندن کے 'رائل البرٹ ہال' میں ہوئی جہاں وبا کی وجہ سے صرف میزبان ہی موجود تھے جب کہ دیگر شخصیات نے آن لائن شرکت کی۔

بافٹا ایوارڈز برطانیہ کی اکیڈمی آف فلم اینڈ ٹیلی ویژن آرٹس کی جانب سے دیا جاتا ہے۔

پچاس لاکھ ڈالرز کے بجٹ میں تیار ہونے والی ڈرامہ فلم 'نومیڈ لینڈ' بافٹا ایوارڈز میں بہترین فلم، بہترین ہدایت اور بہترین سنیماٹوگرافی سمیت چار ایوارڈز حاصل کر کے نمایاں رہی۔

فلم 'نومیڈ لینڈ' کی ڈائریکٹر کلووی ژاؤ وہ دوسری خاتون ہدایت کارہ ہیں جنہوں نے بافٹا ایوارڈز میں 'بہترین ہدایت کار' کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔

دوسری جانب بافٹا ایوارڈز میں بہترین اداکار کے لیے رضوان احمد (رض احمد)، چیڈوِک بوس مین، آدرش گورو، طاہر رحیم، اینتھونی ہاپکنز اور میڈز میکلسن نامزد تھے جن میں سے بہترین اداکار کا ایوارڈ ڈرامہ فلم 'دی فادر' پر اینتھونی ہاپکنز کو دیا گیا۔

بہترین اداکارہ کے لیے بوکی بیکرے، فرانسس میک ڈورمینڈ، رادھا بلینک، وینیسا کربی، ونمی موساکو اور ایلفری ووڈرڈ نامزد تھیں جن میں بہترین اداکارہ کا ایوارڈ فرانسیس میک ڈورمنڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہیں۔

دوسری جانب بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ ڈرامہ فلم 'جوڈاس اینڈ دی بلیک مسیحا' پر ڈینئل کلوئیا کو دیا گیا جب کہ یون یو جنگ کو امریکی کورین فیملی کے گرد گھومنے والی فلم 'مناری' کے لیے بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

غیر انگریزی زبان کی فلموں میں ڈرامہ کامیڈی فلم 'این ادر راؤنڈ' فاتح قرار پائی۔

اوریجنل اسکرین پلے (مصنف کی جانب سے تخلیق کیا جانے والا کام جو مکمل طور پر اس کی اپنی سوچ پر مبنی ہو) کا ایوارڈ کامیڈی تھرل فلم 'پرومیسنگ ینگ وومن' کے نام رہا۔ جب کہ ایڈاپٹڈ اسکرین پلے (ایسا اسکرپٹ جو کسی ناول، نیوز آرٹیکل یا پہلے سے موجود مواد سے اخذ ہو) کا ایوارڈ ڈرامہ فلم 'دی فادر' کو نوازا گیا۔

ایمرجنگ ایکٹر کا ایوارڈ اداکارہ بوکی بیکرے کے نام رہا۔

XS
SM
MD
LG