بالی وڈ اداکار رنبیر کپور کی فلم 'اینیمل' کے ٹکٹس کی ایڈوانس بکنگ 15 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے جب کہ ابھی فلم ریلیز ہونے میں دو روز باقی ہیں۔
ایکشن اور ڈرامہ سے بھر پور فلم 'اینیمل' کی ہدایات سندیپ ریڈی ونگا نے دی ہیں جب کہ اس میں رنبیر کپور کے ساتھ ساتھ انیل کپور، بوبی دیول اور رشمیکا مندانا نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
فلم کی کہانی باپ اور بیٹے کی محبت کے گرد گھومتی ہے کہ کام کی وجہ سے اکثر باپ اپنے بیٹے کی محبت نہیں سمجھ پاتا جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان خلش پیدا ہو جاتی ہے۔
بھارتی میڈیا کمپنی 'سیک نلک' کے اعداد و شمار کے مطابق 'اینیمل' کے اب تک پانچ لاکھ 50 ہزار ایڈوانس ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔
فلم ہندی، تیلگو، تمل اور ملایالم زبانوں میں ریلیز کی جائے گی۔
بھارتی فلموں کے ٹکٹس کی ایڈوانس بکنگ کی بات کی جائے تو فلم 'باہو بالی ٹو' سرِ فہرست آتی ہے جس کے ساڑھے چھ لاکھ ایڈوانس ٹکٹس فروخت ہوئے تھے۔
'سیک نلک' کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ٹکٹس کی سب سے زیادہ ایڈوانس بکنگ میں دوسرا نمبر فلم 'جوان' کا آتا ہے جس کے پانچ لاکھ 57 ہزار ٹکٹس فروخت ہوئے تھے۔
تیسرے نمبر پر فلم 'پٹھان' ہے جس کے پانچ لاکھ 56 ہزار ٹکٹس ایڈوانس فروخت ہوئے تھے۔ فلم 'کے جی ایف ٹو' کے ریلیز سے قبل پانچ لاکھ 15 ہزار ٹکٹس فروخت ہوئے تھے۔
ہرتک روشن کی فلم 'وار' بھی سب سے زیادہ ایڈوانس بکنگ والی فلموں کی فہرست میں شامل ہے جس کے چار لاکھ 10 ہزار ٹکٹس فروخت ہوئے تھے۔
SEE ALSO: ہیرا پھیری تھری سنیما گھروں کی زینت کب بنے گی؟بھارتی میڈیا کمپنی 'انڈیا ڈاٹ کام' کے مطابق اداکار رنبیر کپور اس سے قبل فلم 'تو جھوٹی میں مکار' میں نظر آئے تھے جس نے بھارت سے 149 کروڑ روپے کمائے تھے۔
سن 2022 میں اداکار کی فلم 'براہماسترا پارٹ ون' ریلیز ہوئی تھی جس نے 257.44 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا۔
اسی سال ان کی فلم 'شمشیرا' بھی سنیما گھروں کی زینت بنی تھی جو زیادہ اچھا بزنس نہیں کر سکی تھی۔
رنبیر کپور آخری بلاک بسٹر فلم 'سنجو' تھی جس نے 342.53 کروڑ بھارتی روپے کمائے تھے۔