رسائی کے لنکس

بھارت کی یقینی فتح شکست میں تبدیل؛ 'یہ میکسویل کا انداز ہے'


آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر گلین میکسویل کی ایک اور دھواں دھار بیٹںگ کی بدولت کینگروز نے یقینی شکست کو فتح میں بدل لیا۔

بھارت کے خلاف گوہاٹی میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں میکسویل نے 48 گیندوں پر 104 رنز ناٹ آؤٹ کی شاندار اننگز کھیل کر نہ صرف تن تنہا آسٹریلیا کو جیت سے ہم کنار کیا بلکہ ٹیم کو سیریز میں بھی واپس لے آئے۔

میسکویل کی تباہ کن بیٹںگ پر کرکٹ حلقوں میں ان کی خوب تعریفیں ہو رہی ہیں اور انہیں بہترین آل راؤنڈر قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ پہلا موقع نہیں جب میکسویل نے تنہا ٹیم کو میچ جتوایا ہے۔ حال ہی میں کرکٹ ورلڈکپ کے دوران افغانستان کے خلاف میچ میں میکسویل نے شاندار سینچری بنا کر آسٹریلیا کی یقینی شکست کو جیت میں تبدیل کیا تھا۔

منگل کو کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنائے جب کہ آسٹریلیا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہدف بیسویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی آسٹریلوی ٹیم پانچ میچز کی سیریز میں واپس آگئی ہے۔

بھارت میں جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں میزبان ٹیم کو اب بھی 1-2 کی برتری حاصل ہے۔

منگل کی شب کھیلے گئے میچ میں ایک موقع پر بھارت کی کامیابی یقینی دکھائی دے رہی تھی لیکن میکسویل بلے بازی کے سامنے بھارتی بالنگ لائن بے بس رہی ہے۔

ہدف کے تعاقب میں آسٹریلوی بلے بازوں کی وکٹیں گرتی رہیں اور چودھویں اوور میں 134 رنز پر مہمان ٹیم کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

آسٹریلیا کے پانچ کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد بظاہر بھارت کی میچ پر گرفت مضبوط ہو چکی تھی کیوں کہ ایک موقع پر میزبان ٹیم کو جیت کے لیے 33 گیندوں پر 85 اور پھر نو گیندوں پر 33 رنز درکار تھے۔

یہی نہیں آخری اوور کی چار گیندوں پر آسٹریلیا کو جیت کے لیے 16 رنز درکار تھے اور میسکویل نے پھر وہ کیا جس کے لیے وہ جانے جاتے ہیں۔

پراسِدھ کرشنا کی آخری گیندوں پر میسکویل نے ایک چھکا اور چار چوکے لگا کر میچ کو ختم کیا۔

البتہ میکسویل تن تنہا بھارتی بالرز کے سامنے ڈٹ گئے اور گراؤنڈ کے چاروں طرف زبردست شارٹس کھیلے۔

انہوں نے 8 چھکوں اور8 چوکوں کی مدد سے 48 گیندوں پر 104 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

میکسویل نے 47 گیندوں پر سینچری مکمل کر کے نہ صرف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تیز ترین سینچری بنائی بلکہ محدود طرز کے کرکٹ فارمیٹ میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے کا روہت شرما کا ریکارڈ بھی برابر کر دیا ہے۔

بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ وکرانت گپتا نے میسکویل کی اننگز کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہدف کے تعاقب میں ایک غیر معمولی اننگز کھیلی ہے۔

وکرانت کے بقول وہ حیران ہیں کہ آئندہ برس کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے آسٹریلوی ٹیم کتنی مضبوط ہے۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر ایک صارف نے میکسویل کی تعریف میں لکھا کہ وہ کتنے پرسکون، اطمینان بخش اور ایک مکمل بلے باز ہیں جنہوں نے اپنے انداز میں میچ ختم کیا۔

کرکٹ کمنٹیٹر عاطف نواز کہتے ہیں میکسویل نے ایک اور شاندار اننگز کھیلی ہے۔ جب میکسویل کھیل رہے ہوں تو دنیا میں کوئی بھی نہیں جو ہدف کے تعاقب کے لیے منطق پر بھروسہ کرے۔

ایک صارف نے لکھا کہ جب پریشر بہت زیادہ ہو تب گلین میکسویل چمکتے ہیں۔

XS
SM
MD
LG