ترکی کے وزیر اعظم بنالی یلدرم نے بدھ کو کہا ہے کہ ترکی میں شام کی سرحد پر ایک پولیس اسٹیشن کے باہر کار بم دھماکے میں تین پولیس اہلکار مارے گئے ہیں۔
یہ دھماکا کرد اکثریتی جنوب مشرقی علاقے میں ہوا جس میں 30 افراد زخمی بھی ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق جائے واقعہ پر متعدد ایمبولنسیں بھیجی گئی ہیں۔
وزیراعظم نے اس حملے کا الزام کرد شدت پسندوں پر عائد کیا ہے۔
گزشتہ روز بھی استنبول میں ایک کار بم حملے میں پولیس کی ایک بس کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ اس حملے میں 11 افراد ہلاک ہو گئے تھے جن میں سات پولیس اہلکار بھی شامل تھے جبکہ 36 افراد زخمی بھی ہوئے۔
وزیراعظم یلدرم نے گزشتہ روز استنبول حملے میں زخمی ہونے والے افراد کی اسپتال میں عیادت کی۔
کردستان ورکرز پارٹی اور حکومت کے درمیان امن کا عمل منسوخ ہونے کے بعد اس تنظیم سے تعلق رکھنے والے باغی گزشتہ جولائی سے پولیس اور فوجی اہلکاروں کو بموں سے نشانہ بناتے رہے ہیں۔
فوج کے مطابق ان حملوں اور کرد باغیوں سے جھڑپوں میں ترکی کی سکیورٹی فورسز کے لگ بھگ 500 اہلکار مارے جا چکے ہیں۔
فوج کا دعویٰ ہے کہ اس نے ترکی اور شمالی عراق میں کرد باغیوں کے خلاف آپریشنز میں 4,900 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔