سیب اور ٹماٹر پٹھوں کی مضبوطی کے لیے اہم ہیں

سائنسی جریدے 'بائیولوجیکل کیمسٹری' کی اشاعت میں امریکی تحقیق کار کرسٹوفر ایڈمز اور ان کے ساتھیوں نے دریافت کیا کہ پھلوں میں موجود قدرتی مرکبات پٹھوں کے نقصان کی روک تھام کر سکتے ہیں۔

عمر کے ساتھ ساتھ پٹھوں کی کمزوری ایک عام مسئلہ ہے۔ لیکن ایک نئی تحقیق میں سائنس دانوں نے دریافت کیا ہے کہ سیب اور ٹماٹر کھانے سے بڑی عمر کے لوگوں میں پٹھوں کی کھوئی ہوئی طاقت کو واپس بحال کیا جا سکتا ہے۔

آئیوا یونیورسٹی کے طبی ماہرین کو سیب اور ٹماٹر میں ایک مرکب مل گیا ہے، جو عمر بڑھنے کے ذمہ دار پروٹین کی سرگرمیوں کو روک سکتا ہے۔

سائنسی جریدے 'بائیولوجیکل کیمسٹری' کی اشاعت میں امریکی تحقیق کار کرسٹوفر ایڈمز اور ان کے ساتھیوں نے دریافت کیا کہ پھلوں میں موجود قدرتی مرکبات پٹھوں کے نقصان کی روک تھام کر سکتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ دو ماہ تک سیب اور ٹماٹر کے استعمال سے بوڑھے افراد کے پٹھوں کو ناکارہ یا ختم ہونے سے بچایا جا سکتا ہے۔

آئیوا یونیورسٹی کے شعبہ انٹرنل میڈیسن سے وابستہ محقق ایڈمز کے مطابق سیب کے چھلکے میں پایا جانے والا کیمیکل ارسولک ایسڈ اور سبز ٹماٹر میں پائے جانے والے اجزاء ٹوماٹیڈائن پٹھوں کو ناکارہ ہونے سے اور عضلات کی کمی کو روکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ انسان عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ بڑے پیمانے پر پٹھوں کی جسامت میں کمی اور عضلات کی کمزوری کا تجربہ کرتا ہے جبکہ ان مسائل کا ہماری روزمرہ کی زندگی اور صحت پر اثر پڑتا ہے جس کی وجہ سے ہم بڑھاپے میں جسمانی طور پر فعال رہنے کے قابل نہیں رہتے ہیں۔

پروفیسر ایڈمز نے کہا کہ پروٹین' اے ٹی ایف فور' یا پروٹین کوڈنگ جین فور مبینہ طور پر بڑی عمر کے افراد میں جین کی تشکیل کو تبدیل کر دیتی ہے، جس سے مسلز یا پٹھوں کی کمزوری پیدا ہوتی ہے۔

چوہوں پر کیے جانے والے مطالعے میں محققین نے دیکھا کہ کیسے پھلوں کے قدرتی مرکبات بوڑھے چوہوں کے پٹھوں کو متاثر کر رہے تھے۔

سائنسی مشاہدے کے دوران چوہوں کو ارسولک ایسڈ اور ٹوماٹیڈائن پر مشتمل غذا دو ماہ تک کھلائی گئی، جبکہ دوسرے گروپ کی غذا میں دونوں قدرتی مرکبات شامل نہیں تھے۔

مشاہدے کے اختتام پر تحقیق کاروں نے دیکھا کہ جن چوہوں کی غذا سیب اور ٹماٹر پر مشتمل تھی، ان کے پٹھوں کی جسامت میں 10 فیصد اور پٹھوں کی مضبوطی میں 30 فیصد اضافہ ہوا ، جو کہ ایک نوجوان بالغ چوہے کے پٹھوں کے برابر تھا۔

پروفیسر ایڈمز نے نتیجہ اخذ کیا کہ پروٹین اے ٹی ایف فور کی کمی عمر بڑھنے کے اثرات سے مزاحمت رکھتی ہے۔

ایک پچھلے مطالعے سے پتا چلتا ہے کہ پیدائش سے 30 برس کی عمر تک ہمارے پٹھوں کی جسامت اور طاقت میں مستقل اضافہ ہوتا رہتا ہے لیکن تیس سال کی عمر کے بعد ہر 10سال میں ہم 3 سے 5 فیصد عضلات کھو دیتے ہیں اور 75 سال کے بعد ہمارے پٹھے ناکارہ ہونے لگتے ہیں۔

محققین نےاپنی تحقیقات کو انسانی طبی ٹیسٹ میں جاری رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس سے بالآخر ممکنہ طور پر پٹھوں کی مضبوطی کی ادویات کی نئی رینج متعارف ہو سکتی ہے۔