عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس،غزہ ناکہ بندی کی مذمت

قاہرہ مصر میں عرب لیگ کےہیڈکوارٹرز میں وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس، فوٹو رائٹرز 11 اکتوبر 2023

عرب لیگ کے وزرائے خارجہ نےاسرائیل او ر حماس کے درمیان جاری جنگ پرقاہرہ میں بدھ کے روز ایک ہنگامی اجلاس میں اسرائیل کی جانب سے غزہ کی ناکہ بندی کی مذمت کی اور محصور شہر میں فوری طور پر امداد کے داخلے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔

اسرائیل پر ہفتے کے روز فلسطینی عسکریت پسندوں کے اچانک حملے کے بعد جوابی کارروائی کے طور پر اسرائیل نے غزہ کی پٹی کی مکمل ناکہ بندی نافذ کرد ی ہے اور اوہاں خوراک ، بجلی اور دوسری ضروری رسد کی ترسیل بند کر دی ہے ۔

بدھ کے روز جب اسرائیل نے گنجان آباد غربت ذدہ محصور ساحلی شہر پر پانچویں دن بھی اہداف پر بمباری جاری رکھی تو اس کا واحد پاور پلانٹ بند ہو گیا ۔

خبر ساں ادارے" رائٹرز " کے مطابق قاہرہ میں عرب لیگ کے ہیڈ کوارٹرز میں عرب وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں وزرا نے اسرائیل او ر حماس کے درمیان جاری جنگ پر گفتگو کی اور مطالبہ کیا کہ اسرائیل غزہ کی اپنی ناکہ بندی ختم کر دے ۔

قاہرہ ۔ مصر میں عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نمایاں ہیں ، فوٹو اے ایف پی، 11 اکتوبر 2023

انہوں نے مفلس اور انتہائی گنجان آباد محصور ساحلی شہر کے لیے خوراک، ایندھن اور انسانی ہمدردی کی امداد کی فوری ترسیل کا بھی مطالبہ کیا ۔ عرب وزرائے خارجہ نے اسرائیل پر یہ زور بھی دیا کہ وہ غزہ کے لیے بجلی اور پانی کی سپلائی منقطع کرنے کے اپنے غیرمنصفانہ فیصلے پر نظر ثانی کرے ۔

سرحد پار اسرائیلی کمیونیٹیز پر حماس کے وحشیانہ حملے کے جواب میں اسرائیل کی غزہ پر پانچ دن کی مسلسل بمباری نے اس چھوٹے سے علاقے کو تباہ و برباد کر دیا ہے ۔

غزہ حکومت کے میڈیا آفس کی سلامہ معروف نے کہا ہے کہ فضائی حملوں نے رہائشی عمارتوں ، مساجد ، فیکٹریوں اور دکانوں کو نشانہ بنایا ہے ۔

قاہرہ ، مصر میں عرب لیگ کے ہنگامی اجلاس میں فلسطینی وزیر خارجہ ، ریاض المالکی شریک ہیں ، فوٹو اے ایف پی۔11 اکتوبر 2023

ایمر جنسی روم کے فزیشن ، محمد غنیم نے کہا ہے کہ غزہ کے مریضوں سے بھرے الشفا ہسپتال میں ہمارے پاس آکسیجن سمیت ، طبی رسد کم ہو رہی ہے ۔

اسرائیل نے خبر دی ہے کہ ہفتے کے روز اسلام پسندعسکریت پسندوں کے حملے کے بعد سے 1200 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ غزہ کے عہدے دارو ں کا کہنا ہے کہ اسرائیل کے فضائی اور توپوں کے حملوں میں ایک ہزار سے زیادہ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں ۔

غزہ کرہ ارض کے انتہائی گنجان آبادمقامات میں سے ایک ہے جہاں 23 لاکھ لوگ 362 مربع کلومیٹر کےرقبے پر رہتے ہیں ۔

یہ علاقہ 2007 میں جب سے حماس نے فلسطینی صدر محمود عباس کی سیکولر فتح تحریک سے علاقے کا کنٹرول حاصل کیا ہے ، اسرائیلی ناکہ بندی کے تحت ہے ۔

غزہ کی واحد داخلی گزر گاہ جس پر اسرائیل کا کنٹرول نہیں ہے وہ مصری سرحد پر رفاہ کی گزرگاہ ہے ۔ رفاہ پر اسرائیل نے اس ہفتے تین بار بمباری کی ہے ۔

اس خبر میں شامل معلومات رائٹرز سے لی گئی ہیں۔