رواں سال جون میں مسیحی برادرری کے لیے سب سے مقدس شہر’ ویٹی کن سٹی‘ اور کراچی کے درمیان رابطے مضبوط ہوجائیں گے اور دونوں شہروں میں قربت بڑھ جائے گی۔
اس کی وجہ کراچی کے آرچ بشپ جوزف کوٹس ہیں جو 29 جون کو رومن کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کی جانب سے اعلان کردہ 14 نئے کارڈینلز میں شامل ہوجائیں گے۔
کراچی کے لیے تو یہ ایک بڑا اعزاز ہے ہی، پاکستان کے لیے بھی یہ خبر باعثِ مسرت ہے۔ جب سے یہ خبر آئی ہے پاکستانی مسیحی ہی نہیں بلکہ اربابِ اختیار بھی بہت خوش ہیں۔
اس کا ثبوت وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جوزف کوٹس کو دی جانے والی مبارکباد اور ان سے بذاتِ خود چرچ جاکر ملاقات ہے۔
جوزف کورٹس تاریخ کی دوسری پاکستانی شخصیت ہیں جنہیں یہ عہدہ ملے گا۔ ان سے قبل پاکستان سے آرچ بشپ جوزف کورڈرو بھی کارڈینل رہ چکے ہیں تاہم 1994ء میں ان کا انتقال ہوگیا تھا۔
پوپ فرانسس نے جوزف کوٹس کو کارڈینل بنائے جانے کا اعلان گزشتہ ہفتے ویٹی کن سٹی میں اپنے خطاب میں کیا تھا۔
جوزف کوٹس کو 2012ء میں ایوارسٹ پنٹو کے انتقال کے بعد کراچی کا آرچ بشپ مقرر کیا گیا تھا۔
بشپ جوزف کوٹس مسلمانوں کے ساتھ بین المذاہب مذاکرات میں بھی بہت سرگرم رہے ہیں۔ وہ پاکستان کیتھولک بشپس کانفرنس کے صدر بھی ہیں۔
فلسفے میں ڈاکٹریٹ کرنے والے بشپ جوزف انگریزی، اطالوی، جرمن، فرینچ، اردو، پنجابی اور سندھی سمیت سات زبانوں پر عبور رکھتے ہیں۔
جون کی 29 تاریخ کو بشپ جوزف کوٹس کے ساتھ جن 13 دیگر افراد کو باقاعدہ کارڈینلز منتخب کیا جائے گا ان کا تعلق اٹلی، اسپین، پرتگال، پولینڈ، عراق، جاپان، مڈغاسکر، پیرو، میکسیکو اور بولیویا سے ہے۔
کارڈینل کا رتبہ
کیتھولک چرچ میں کارڈینل کا رتبہ اورمنصب سب سے اہم ہوتا ہے۔ پوپ کی رحلت کے بعد کارڈینلز ہی نئے پوپ کا انتخاب کرتے ہیں۔ پوپ کے انتخاب میں 80 برس سے کم عمر کے کارڈینلز رائے شماری میں شریک ہو سکتے ہیں۔