آرکٹک سے آنے والی شدید سرد ہواؤں کے باعث امریکہ کی شمالی اور شمال وسطی ریاستیں سردی کی شدید لہر کی لپیٹ میں آ گئی ہیں جس کے باعث درجۂ حرارت نقطۂ انجماد سے ریکارڈ حد تک نیچے گرنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
امریکہ کی 'نیشنل ویدر سروس' کے مطابق شدید سرد موسم کی اس لہر نے شمالی ڈکوٹا سے مئین تک تمام ریاستوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ سرد لہر کے باعث جنوب میں الاباما اور جارجیا تک برف باری کا امکان ہے۔
امریکہ کا وسط مغربی علاقہ سردی کی اس لہر سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں واقع بڑے شہروں میں سے منگل اور بدھ کی درمیانی شب سب سے کم درجۂ حرارت ریاست منی سوٹا کے شہر منیاپولس میں منفی 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شکاگو میں درجۂ حرارت منفی 18 اور ڈیٹرائٹ میں منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مقامی ٹی وی چینلز پر نشر کی جانے والی ویڈیوز میں دریائے شکاگو اور مشی گن جھیل کی سطح پر برف کے ٹکڑے تیرتے دیکھے جاسکتے ہیں۔
ویدر سروس کا کہنا ہے کہ بدھ کو شکاگو اور ریاست الی نوائے کے شمالی علاقوں کا درجۂ حرارت منفی 23 ڈگری تک گر سکتا ہے۔
حکام کے مطابق شدید سرد ہواؤں کے باعث ان علاقوں میں درجۂ حرارت کم از کم منفی 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس ہو گا جس کے باعث لوگ گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں۔
حکام نے خبردار کیا ہے کہ اتنے سرد موسم میں 10 منٹ تک گھر سے باہر رہنے کے نتیجے میں فراسٹ بائٹ کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔
شکاگو آبادی کے اعتبار سے امریکہ کا تیسرا بڑا شہر ہے جہاں کا موسم نسبتاً سرد رہتا ہے اور وہاں کے رہائشی سردی کے عادی ہیں۔ لیکن حکام نے خبردار کیا ہے کہ سردی کی حالیہ لہر اتنی شدید ہے کہ جس کا شاید شکاگو کے رہائشیوں نے تاریخ میں کبھی سامنا نہیں کیا ہو گا۔
شکاگو میں اس سے قبل کم از کم درجۂ حرارت 20 جون 1985ء کو منفی 33 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ سردی کی حالیہ لہر شمالی قطب کے گرد جمع اس سرد ہوا کا نتیجہ ہے جس کا زور ٹوٹنے کے باعث وہ امریکہ کے جنوبی علاقوں کی جانب بڑھ رہی ہے۔
ویدر سروس نے ریاست وسکانسن میں دو فٹ جب کہ الی نوائے میں چھ انچ تک برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام کے مطابق گریٹ لیکس کے علاقے سے نیو انگلینڈ میں واقع ریاستوں تک بدھ کو سارا دن برف باری ہونے کا امکان ہے۔
سردی کی لہر کی زد میں آنے والے کئی شہروں کی انتظامیہ نے بے گھر افراد کے لیے عارضی شیلٹرز قائم کردیے ہیں جب کہ متاثرہ شہروں میں اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔
سردی کی لہر کے باعث امریکہ میں اب تک دو ہزار سے زائد پروازیں بھی منسوخ ہو چکی ہیں۔ حکام کے مطابق جو پروازیں منسوخ ہوئی ہیں ان میں سے بیشتر شمالی ریاستوں سے اٹلانٹا جا رہی تھیں جہاں اتوار کو امریکہ کی نیشنل فٹ بال لیگ کا سپر بال میچ کھیلا جائے گا۔