گھڑی بیچنے یا نیلام کرنے کی بازگشت صرف پاکستان کے ایوانوں میں نہیں سنی جا رہی بلکہ حال ہی میں مشہور ہالی وڈ ایکشن اسٹار آرنلڈ شوارزنیگر بھی گھڑی کی وجہ سے مشکل میں پڑ گئے۔
امریکی ریاست کیلی فورنیا کے لیے دو مرتبہ گورنر منتخب ہونے والے اداکار کو جرمنی کے شہر میونخ کے ایئرپورٹ پر ایک لگژری گھڑی کی وجہ سے روک لیا گیا جسے وہ نیلام کرنے کی نیت سے امریکہ سے اپنے ساتھ جرمنی لے گئے تھے۔
جرمن اخبار 'بلڈ' کے مطابق پولیس نے اداکار سے گھڑی سے متعلق کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی۔
چھیتر سالہ اداکار اس لگژری گھڑی کو آسٹریا کے شہر کٹزبل میں ہونے والی 'ورلڈ کلائمٹ سمٹ' میں نیلام کرنے والے تھے جسے مقامی کسٹمز حکام نے 'سسپیشن فری' بیگ چیکنگ کے دوران ان کے سامان سے دریافت کیا۔
لگژری گھڑی سوئس کمپنی 'آڈامارز ہوگوے' کی ہے جس کی قیمت لگ بھگ 20 ہزار یوروز ہے۔ یہ گھڑی آرنلڈ شوارزنیگر کی پرائیوٹ کلیکشن کا حصہ ہے۔
خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' کے مطابق میونخ کے مرکزی کسٹمز آفس کے ترجمان تھامس میسٹر کے کا کہنا ہے کہ پولیس نے آرنلڈ شوارزنیگر کو گھڑی رکھنے پر نہیں روکا بلکہ انہیں اس کارروائی کا سامنا گھڑی اپنے ساتھ لانے اور بطور امپورٹ ڈکلییر نہ کرنے پر کیا گیا۔
ایک اور کسٹمز حکام نے مقامی اخبار سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی لگژری آئٹم یوربی یونین کے ممالک میں لایا جاتا ہے تو اسے پہلے کسٹمز پر ڈکلیئر کیا جاتا ہے اور آرنلڈ شوارزیگر نے ایسا نہیں کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ کتنے بھی بڑے فلم اسٹار کیوں نہ ہوں قانون کا اطلاق سب پر برابر ہوتا ہے۔
آررنلڈ شوارزنیگر کے خلاف کیا کارروائی ہو گی اس پر کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں البتہ انہیں 35 ہزار یوروز کا جرمانہ عائد کر کے فی الحال چھوڑ دیا گیا ہے۔ انہوں نے اس میں سے آدھی رقم ایئرپورٹ حکام کے حوالے کر دی۔
SEE ALSO: آرنلڈ شوارزنیگر کی پہلی او ٹی ٹی سیریز ’فوبار‘ کی مقبولیت کی وجہ کیا ہے؟امریکی سلیبریٹی نیوز ویب سائٹ 'ٹی ایم زی' کے مطابق پولیس نے اداکار کو تین گھنٹے تک ایئرپورٹ پر روکے رکھا اور انہیں فائن دینے کے لیے پہلے پولیس کی نگرانی میں قریبی اے ٹی ایم تک لے جایا گیا اور رقم پوری نہ ہونے پر بعد میں انہیں کریڈٹ کارڈ مشین مہیا کی گئی جس کے ذریعے انہوں نے جرمانہ ادا کیا۔
آرنلڈ شوارزنیگر کے ترجمان ڈینئیل کیچل نے 'واشنگٹن پوسٹ' کو بتایا ہے کہ ان کے وکلا اس کیس کو دیکھ رہے ہیں۔ چوں کہ آرنلڈ ایک ٹیکس دینے والے شہری ہیں اس لیے انہیں اس واقعے سے زیادہ پریشانی نہیں۔
آرنلڈ شوارزنیگر نے گزشتہ برس 'فوبار' کے ذریعے نیٹ فلکس پر ڈیبیو کیا تھا جب کہ وہ 80 اور 90 کی دہائی کی کئی بلاک باسٹر فلموں میں اداکاری کر چکے ہیں۔
ان کی مشہور فلموں میں کمانڈو، ٹرو لائز اور پریڈیٹر شامل ہیں۔