میلبورن میں جاری ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے دو وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لیے ہیں۔ کک 104 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔
اس سے پہلے انگلش بالرز کی عمدہ بالنگ کے باعث آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 327 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر بدھ کو دوسرے روز آسٹریلیا نے 244 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اننگز شروع کی۔
کپتان اسمتھ انفرادی اسکور میں صرف 11 رنز کا اضافہ کرکے 76 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ مارش بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹہر سکے اور 61 رنز بناکر ہمت ہار گئے۔
اسمتھ اور مارش کے آؤٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کا کوئی بھی بیٹسمین انگلش بالرز کو اعتماد کے ساتھ نہ کھیل سکا اور ایک کے بعد ایک پویلین لوٹتا رہا۔ آسٹریلیا کی سات وکٹیں اسکور میں صرف 83 رنز کا اصافہ کرسکیں۔ یوں پوری ٹیم 327 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
انگلینڈ کی طرف سے براڈ سب سے کامیاب بالر رہے۔ انہوں نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جب کہ اینڈرسن نے 3، ووکس نے 2 اور کورن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں انگلینڈ کی اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور 35 رنز پر اسٹون مین 15 رنز کی اننگز کھیل کر السٹر کک کا ساتھ چھوڑ گئے۔ جیمس ونس بھی لمبی اننگز نہ کھیل پائے اور 17رنز بناکر پویلین کی راہ لی۔
کپتان جو روٹ نے کک کے ساتھ مل کر محتاط انداز میں اننگز کو آگے بڑھایا اور مزید کوئی وکٹ گنوائے بغیر اسکور 192 رنز تک پہنچا دیا۔ اس دوران کک نے اپنی سینچری مکمل کی جو ٹیسٹ کرکٹ میں اُن کی 32 ویں سینچری ہے۔
کک نے 10 اننگز کے بعد 50 یا اس سے زائد رنز بنائے ہیں۔ آخری مرتبہ انہوں نے 50 سے زائد رنز ویسٹ انڈیز کے خلاف 243 رنز کی اننگز کھیل کر بنائے تھے۔
دوسرے روز جب کھیل ختم ہوا تو انگلینڈ نے دو وکٹیں گنوا کر 192 رنز بنالیے تھے۔ کک 103 اور جو روٹ 49 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ تھے۔
انگلینڈ کو آسٹریلیا کا پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید 135رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔