ایشز سیریز، پہلا ٹیسٹ جمعرات کو کھیلا جائے گا

چونکہ برسبین میں انگلینڈ نےگزشتہ 31 سالوں میں ایک بھی ٹیسٹ نہیں جیتا لہذا سب کے ذہنوں میں یہی سوال گردش کر رہا ہے کہ کیا انگلش ٹیم برسبین میں نیا باب رقم کرپائے گی؟

آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کا پہلا ٹیسٹ جمعرات سے برسبین کرکٹ گراؤنڈ ’گابا‘پر کھیلا جائے گا۔

چونکہ برسبین میں انگلینڈ نےگزشتہ 31سالوں میں ایک بھی ٹیسٹ نہیں جیتا لہذا سب کے ذہنوں میں یہی سوال گردش کر رہا ہے کہ کیا انگلش ٹیم برسبین میں نیا باب رقم کرپائے گی؟

انگلش ٹیم نےاس گراؤنڈ پرآخری مرتبہ نومبر 1986ء میں آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ جیتا تھا لیکن اس بار فٹنس مسائل سے دو چار آسٹریلوی ٹیم کو شکست دے کر انگلش ٹیم نیا باب رقم کر سکتی ہے۔

میچ سے قبل ہی آسٹریلیا کو فٹنس مسائل کا سامنا ہے۔ ڈیوڈ وارنر کے بعد شان مارش بھی انجری واچ لسٹ میں شامل ہوگئے ہیں، وہ کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے۔ اس سے قبل منگل کو فیلڈنگ کرتے ہوئے ٹریننگ کے دوران وہ زخمی ہو گئے تھے۔

گلین میکسویل کو کورنگ بیٹسمین کے طور پر طلب کیاگیا ہےجو مارش یا وارنر کا متبادل ہوں گے جبکہ آسٹریلوی کپتان پراعتمادہیں کہ وارنر میچ سے قبل فٹ ہو جائیں گے۔

میکسویل نے حال ہی میں آسٹریلیا کی طرف سے بھارت اور بنگلادیش کے خلاف چار ٹیسٹ میچ کھیلے تھے اورمارچ میں رانچی ٹیسٹ کے دوران پہلی ٹیسٹ سنچری بنائی تھی تاہم اپنی سرزمین پر اب تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلے جبکہ سلیکٹرز نے ابتدائی اسکواڈ میں بھی انہیں نظرانداز کر دیا تھا۔ ان کی جگہ مارش کو نمبر چھ بیٹسمین کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔

اسمتھ نے تصدیق کی کہ فاسٹ بولر جیکسن برڈ اور چیڈ سائرز 13 رکنی اسکواڈ میں سے ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔

برسبین کی وکٹ بولرز کے قدموں کے نشانات اور دراڑیں پڑنے سے قبل ممکنہ طور پر فاسٹ بولرز کو مدد دے گی جس کے بعد اسپنرز کے لئے سازگار ہو گی۔

آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ کا کہنا ہے کہ آخری مرتبہ جب انگلینڈ کی ٹیم یہاں آئی تھی تو اسے اضافی باؤنس کے باعث مشکلات درپیش تھیں، امید ہے ہم اس سے پھر فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

دوسری جانب انگلش کپتان جو روٹ کاکہنا ہے کہ ہمیں یہاں جیت کی ضرورت ہے، آسٹریلیا نے سیریز کا پہلا ٹیسٹ برسبین میںاسی لئے رکھا ہے کہ یہاں اُن کا ریکارڈ بہت اچھا ہے اگر ہم جیت جاتے ہیں تو سیریز کا آغاز اچھا ہوگا، جس کا ہمیں فائدہ ہو گا۔

اگر اعدادوشمار پر نظر ڈالی جائے تو ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کا پلہ بھاری ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک مجموعی طور پر 341 ٹیسٹ کھیلے جاچکے ہیں، آسٹریلیا نے 140 میں کامیابی سمیٹی جبکہ 104 میں جیت انگلینڈ کو نصیب ہوئی۔

برسبین کرکٹ گراؤنڈ پر دونوں ٹیمیں 20مرتبہ مدمقابل آئیں،انگلینڈ نے صرف 4 میچ جیتے جبکہ 11 میں آسٹریلیا نے کامیابی حاصل کی، 5 بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔