تین ہزار ایکڑ کا گارڈن اور 2500 ڈشز؛ مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کی تقریب میں اور کیا کچھ ہے؟

یکم مارچ سے بھارت کی ریاست گجرات میں ایک ایسی غیرمعمولی جشن کا آغاز ہونے والا ہے جس میں دنیا کی امیر ترین شخصیات، ٹیکنالوجی کمپنی کے مالکان، بالی ووڈ ستارے اور پاپ سنگر جمع ہوں گے۔

یہ سب دھوم دھام ایشیا کے امیر ترین شخص مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی سے قبل ہونے والی پری ویڈنگ پارٹیز کے لیے ہیں۔

ٹیکسٹائل سے لے کر توانائی کے شعبے تک پھیلی متعدد کمپنیوں پر مشتمل بھارتی گروپ 'ریلائنس' کے 66 سالہ مالک مکیش امبانی ایشیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ عالمی جریدے فوربز کے مطابق ان کے اثاثوں کی مالیت 114 ارب ڈالر سے زائد ہے۔

امبانی کے 28 سالہ بیٹے اننت کی شادی رادھکا مرچنٹ سے ہو رہی ہے جو معروف دوا ساز فرم انکور ہیلتھ کیئر کے مالک ورن مرچنٹ کی بیٹی ہیں۔ اس شادی کے لیے منگنی یا ’روکے‘ کی رسم دسمبر 2022 میں بڑی دھوم دھام سے ہوئی تھی۔

اگرچہ اننت اور رادھکا کی شادی رواں برس 12 جولائی کو ہونا طے پائی ہے لیکن شادی کی تقریب سے چار ماہ قبل یکم سے تین مارچ تک تین روزہ پری ویڈنگ پارٹیز منعقد ہو رہی ہیں۔

بین الاقوامی سرمایہ دار شخصیات، ممتاز شخصیات اور فن کاروں کی بڑی تعداد کی شرکت کی وجہ سے بھارتی میڈیا ان تقریبات سے متعلق پل پل کی خبریں نشر کر رہا ہے اور پارٹی کے اہتمام کی چھوٹی چھوٹی تفصیلات کو رپورٹ کر رہا ہے۔

اننت امبانی اور رادھکا مرچنٹ کی شادی 12 جولائی کو ہوگی۔

اننت امبانی اور رادھکا مرچنٹ کی شادی 12 جولائی کو ہوگی۔

پارٹیز کے لیے اہتمام

اننت امبانی کی پری ویڈن پارٹیز ریلائنس گروپ کی آئل ریفائنری کے قریب تین ہزار ایکڑ پر پھیلے باغ میں ہوں گی۔ یہ ریفائنری ریاست گجرات میں امبانی خاندان کے آبائی علاقے جام نگر میں واقع ہے۔

برطانوی اخبار ’گارجین‘ کے مطابق ریفائنری کے گارڈن میں ایک کروڑ سے زیادہ درخت ہیں اور اسے ایشیا میں آموں کا سب سے بڑا باغ بھی قرار دیا جاتا ہے۔

ریلائنس گروپ کے مطابق امبانی خاندان کی جانب سے جانوروں کو ریسکیو کرنے کے لیے شروع کیے گئے پروگرام کے تحت بھارت اور دنیا کے دیگر علاقوں سے ریسکیو کیے گئے دو ہزار جانور بھی اسی باغ میں ہیں جن میں تیندوے، چیتے، شیر، جیگوار اور ہاتھی بھی شامل ہیں۔

تین روز تک جاری رہنے والی شادی کی تقریبات کے لیے 2500 پکوان تیار کیے جائیں گے اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے گا کہ تین دنوں میں کوئی بھی ڈش دہرائی نہ جائے۔

اس بڑے پیمانے پر ہونے والی پارٹی میں دنیا کے امیر ترین افراد میں سے مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس، فیس بک کے بانی مارک زکر برگ، سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایوانکا ٹرمپ سمیت دیگر اہم شخصیات شریک ہو رہی ہیں۔

SEE ALSO: دنیا کی مہنگی ترین طلاقیں

اطلاعات کے مطابق شادی کی پارٹیز میں امریکی گلوکارہ رہانا، بین الاقوامی شہرت یافتہ جادوئی کرتب دکھانے والے الوژنسٹ ڈیوڈ بلین اور بالی وڈ اسٹار دلجیت دوسانج بھی پرفارم کریں گے۔

دنیا کے بڑے کاروباریوں کے اس جمگٹھ میں صرف شادی کا جشن نہیں منایا جارہا بلکہ ایک کاروباری ڈیل بھی طے ہوئی ہے۔

پری پارٹی ویڈنگ میں تفریحی مواد تیار کرنے والی بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنی ڈزنی کے سربراہ رابرٹ اگر بھی شریک ہیں۔

ڈزنی اور ریلائنس انڈسٹریز نے اشتراک سے میڈیا بزنس کا معاہدہ کیا ہے۔ بدھ کو ہونے والے اس معاہدے سے دونوں کمپنیاں اندازاً ساڑھے آٹھ ارب ڈالر کمائیں گی۔

جشن کی ان تقریبات میں سابق سوئیڈشن وزیر اعظم کارل بلڈٹ، کینیڈا کے سابق وزیرِ اعظم اسٹیفن ہارپر اور بھوٹان کے بادشاہ بھی شریک ہوں گے۔

ان پری ویڈنگ پارٹیز سے قبل جمعرات کو انیل امبانی نے اپنے بیٹے کی شادی کی خوشی میں اپنے آبائی علاقے جام نگر میں پچاس ہزار افراد کو کھانا کھلایا۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ، بیٹا اور ہونے والی بہو بھی موجود تھیں۔

شادی کی تقریبات چوتھی بڑی صنعت

اننت امبانی کی شادی کے سلسلے میں آئندہ بھی کئی تقریبات ہونے والی ہیں۔ پھر 12 جولائی کو شادی کے دن اور اس کے بعد کی رسومات وغیرہ بھی باقی ہیں۔ اس لیے تاحال اس شادی پر آنے والے مجموعی اخراجات کا اندازہ سامنے نہیں آسکا ہے۔

تاہم مکیش امبانی نے 2018 میں اپنی بیٹی ایشا کی شادی کی تھی جس پر اندازاً دس کروڑ ڈالر خرچ کیے تھے۔

ایشا کی شادی میں معروف امریکی گلو کار بیانسی نے پرفارم کیا تھا اور ان کی شادی کے سلسلے میں ایک استقبالیہ اٹلی میں بھی دیا گیا تھا۔

برطانوی اخبار گارجین کا کہنا ہے کہ اگرچہ بھارت میں مکیش امبانی کی طرح چند ہی لوگ ایسے ہوں گے جو اتنے بڑے پیمانے پر شادی کی پر تعیش تقریبات کر سکتے ہوں۔

تاہم وقت کے ساتھ ساتھ بھارت میں شادیوں پر اخراجات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ہر کسی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ دھوم دھڑکے سے شادی کرے۔

ایک اندازے کے مطابق بھارت میں مجموعی طور پر شادی کی تقریبات پر سالانہ 75 ارب ڈالر خرچ ہوتے ہیں۔ اس طرح شادی بیاہ کی تقریبات سے جڑی صںعت ملک کی چوتھی بڑی صنعت بن چکی ہے۔

اس تحریر کے لیے بعض معلومات خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ سے لی گئی ہیں۔