چین میں جاری ایشین گیمز 2010 میں میزبان ملک کی برتری برقرار ہے اور چین نے ایشیائی کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے میں طلائی تمغوں کے حصول کا 20 سال قبل قائم کردہ اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
جمعہ کے روز خواتین کے68 کلوگرام کومیٹی کلاس کراٹے کے مقابلے میں چینی کھلاڑی فینگ لینلان نے جاپان کی ایمی کو ہوما کو 0-3 سے شکست دے کر میزبان ملک کیلئے سونے کا 184 واں تمغہ حاصل کرکے نیا ریکارڈ قائم کیا۔
بعد ازاں مردوں کے کینوئی سنگل اور خواتین کے کایاک ڈبل ایونٹس میں چینی کھلاڑیوں کی فتح کے بعدمیزبان ملک کے طلائی تمغوں کی تعداد ریکارڈ 186 ہوگئی ہے۔
چین نے اس سے قبل ایشیائی کھیلوں میں 183 سونے کے تمغے حاصل کرنے کا ریکارڈ بیجنگ میں منعقدہ 1990 کے ایشین گیمز میں قائم کیا تھا۔
چین کے شہر گوانگزو میں جاری 16 ویں ایشین گیمز کل یعنی ہفتے کو اختتام پذیرہورہے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ میزبان ملک کل تک مزید دو طلائی تمغے حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا۔
ایشیائی کھیلوں کے اختتام سے ایک روز قبل میڈلز ٹیبل پر جنوبی کوریا 72 طلائی تمغوں کے ساتھ مسلسل چوتھی بار دوسری پوزیشن پر ہے۔ جاپان 42 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
چین میں جاری ایشین گیمز 2010 میں میزبان ملک کی برتری برقرار ہے اور چین نے ایشیائی کھیلوں کے سب سے بڑے مقابلے میں طلائی تمغوں کے حصول کا 20 سال قبل قائم کردہ اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا ہے۔