ملائیشیا میں جاری ایشیئن چیمپئنز ٹرافی میں ہاکی کے ایک میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو دو کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی۔
ملائیشیا میں اتوار کو کھیلے گئے میچ میں بھارت اور پاکستان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
دونوں روایتی حریفوں کے درمیان پہلے کوارٹر میں میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تاہم دوسرے کوارٹر کے آغاز میں بھارت نے پردیپ مور کے گول کی بدولت سبقت حاصل کی۔
تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے محمد رضوان سینیئر نے پہلا گول کر کے مقابلہ ایک ایک سے برابر کیا اور چند منٹ بعد محمد عرفان نے گول کر کے پاکستان کو برتری دلوا دی۔
بھارت کے کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے دو منٹ میں دو گول کر کے نہ صرف برتری حاصل کی بلکہ میچ کو سنسنی خیز بھی بنا دیا۔
بھارت کی طرف سے دوسرا گول روپندر پال سنگھ نے پنلٹی کارنر پر کیا اور تیسرا گول رمن دیپ سنگھ نے کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔
پاکستان کو اپنے پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں دو کے مقابلے میں چار گول سے شکست ہوئی تھی تاہم اس نے دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کو ایک صفر سے ہرایا تھا۔