پاکستان کے گلوکار عاصم اظہر نے پی ایس ایل سیزن فائیو کے نغمے پر کی جانے والی تنقید کے بعد مداحوں سے معافی مانگ لی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ وہ مداحوں سے معذرت چاہتے ہیں مجھے معلوم ہے کہ آپ پورا سال پی ایس ایل کا انتظار کرتے ہیں اس لیے ہر شخص کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ بہتر سے بہتر پرفارمنس دے۔
انہوں نے پیغام میں یہ بھی کہا کہ ہر فن کار جو کچھ مختلف کرنے کی کوشش کرتا ہے تو بھی وہ اپنے ملک اور کرکٹ کے لیے ہی کرتا ہے۔ میں ان لوگوں سے معافی کا طلب گار ہوں جنہوں نے پی ایس ایل کا گانا پسند نہیں کیا۔
عاصم کا کہنا تھا کہ جو مداح میری تنقید یا بیان سے مایوس ہوئے میں ان سے دوبارہ معافی مانگتا ہوں۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کا آفیشل گانا ’تیار ہیں‘ گزشتہ ہفتے ہی ریلیز ہوا تھا تاہم لوگوں کی بڑی تعداد کو یہ گانا پسند نہیں آیا جس کا اظہار انہوں نے سوشل میڈیا پر کیا۔
گانے میں پرفارم کرنے والے فنکاروں پر تنقید کی گئی تھی اور اس کا پچھلے سیزنز پر جاری ہونے والے گانوں سے موازنہ کرتے ہوئے انہیں بہتر قرار دیا تھا۔
گانے پر تنقید کرنے والوں میں عاصم اظہر بھی شامل تھے تاہم اب انہوں نے مداحوں سے معافی مانگی ہے۔
عاصم اظہر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے ترانوں کا کوئی مقابلہ نہیں ہے، آپ کے پاس اپنی پسند اور نا پسندیدگی کا اظہار کرنے کا حق ہے لیکن ہم سب کا گانے بنانے کا صرف ایک ہی مقصد ہے اور وہ ہے کرکٹ‘۔
انہوں نے پیغام میں مزید کہا کہ پی ایس ایل کے سارے ترانے ہمارے ترانے ہیں، اگر آپ کویہ ترانہ پسند نہیں تو بھی اس سے لطف اٹھانا چاہیے۔
واضح رہے کہ عاصم اظہر بھی 'تیار ہیں' کا حصہ ہیں جب کہ دیگر گلوکاروں میں علی عظمت، عارف لوہار اور ہارون رشید شامل ہیں۔
عاصم اظہر سے قبل گلوکار علی ظفر نے بھی اپنے مداحوں کو یہی پیغام دیا تھا کہ وہ تمام فنکاروں کی کاوشوں کی یکساں حوصلہ افزائی کریں، پی ایس ایل اور ہماری موسیقی پاکستان سے ہے۔