’پولر ورٹیکس‘ نامی موسمی نظام کے نتیجے میں کاٹتی ہوئی سرد ہوائیں جنوب کی جانب آن دمکی ہیں۔ اس قسم کی سردی عام طور پر قطب شمال پر بسیرا کیا کرتی ہے
قطب شمالی سے آنے والی ٹھنڈی ہواؤں نے امریکہ کے وسط مغربی علاقے کی آب و ہوا کا نظام یکایک پلٹ کر رکھ دیا ہے۔ برف باری کے بعد چلنے والی یخ بستہ ہواؤں کے نتیجے میں جمعرات کے روز کم از کم ایک درجن ہلاکتیں واقع ہوئیں۔
تاہم، ماہرین موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق، اختتام ہفتہ کے دنوں کے دوران، شدید سرد موسم کا زور ٹوٹ جائے گا، جس کے بعد موسم میں قدرے بہتری آئے گی۔
بتایا جاتا ہے کہ آئندہ اختتام ہفتہ کی پیش گوئی متاثرین کو تسلی نہیں دے سکی جنھیں اس وقت برفانی حالات، بے حال کر دینے والی طوفانی لہر اور درجہ حرارت میں بے انتہا کمی آجانے کے باعث کئی ایک مشکلات درپیش ہیں۔ موسمیات کے قومی ادارے کے مطابق، وسط مغربی علاقے میں درجہٴ حرارت نقطہ انجماد سے 37 ڈگری سیلشئس نیچے گر گیا ہے۔
واشنگٹن میں، جہاں کا درجہ حرارت فیرانہائٹ 10 (یعنی منفی 12 سینٹی گریڈ) تھا؛ دن کے دوران یہ زیادہ سے زیادہ 24 فیرانہائٹ (یعنی منفی 4 سینٹی گریڈ) تک جاسکا۔ تاہم، موسم کی پرواہ نہ کرتے ہوئے چند سیاح وائٹ ہاؤس کے باہر تصاویر کھچواتے رہے۔
جنوبی افریقہ کے شہر جاہنسبرگ سے تعلق رکھنے والے 49 برس کے سیاح، وجے نداسان نے بتایا ہے کہ ’’ہمارا تعلق گرم ملک سے ہے۔۔۔ انتہا ہے۔ کڑاکے کی سردی ہے‘‘۔ وہ ایک دن کے لیے اپنے بیوی اور بیٹی کے ہمراہ واشنگٹن دیکھنے آئے تھے۔
’پولر ورٹیکس‘ نامی موسمی نظام کے نتیجے میں کاٹتی ہوئی سرد ہوائیں جنوب کی جانب آن دمکی ہیں۔ اس قسم کی سردی عام طور پر قطب شمال پر بسیرا کیا کرتی ہے۔
موسم کی پیش گوئی سے وابستہ، انیڈریو اوریسن نے بتایا ہے کہ منی سوٹا اور مشی گن کےاونچے علاقے میں لوگوں کا منفی 25 فیرنہائیٹ (منفی 31 سینٹی گریڈ) سے سابقہ پڑا۔
اُنھوں نے بتایا کہ وسکونسن کے وسط اور شمال میں درجہ حرارت منفی 20 فیرنہائیٹ (منفی 29 سینٹی گریڈ) تھا؛ جب کہ الی نوائے کے شمالی علاقوں کے علاوہ شکاگو کے کچھ حصوں میں یہ منفی 15 فیرنہائیٹ (منفی 26 سینٹی گریڈ) رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، شدید سردی نے وسیع مشرقی ساحلی علاقے کو جکڑ رکھا ہے۔ بوسٹن میں منفی پانچ فیرنہائیٹ (منفی 21 سینٹی گریڈ)، جب کہ نیویارک اور لونگ آئی لینڈ میں ریکارڈ منفی تین فیرنہائیٹ (منفی 16 سینٹی گریڈ) تھا ۔
تاہم، موسم کی شدت میں کمی آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اختتام ہفتہ شکاگو میں درجہ حرارت 40 اور 50 درجے فیرنہائیٹ تک جا پہنچے گا، جس کے نتیجے میں برف پگھلے گی۔
اہلکاروں اور ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق، ہفتے کے روز سے اب تک وسط مغربی علاقے میں اب تک 12 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کچھ لوگ موسم کی شدت کے نتیجے میں ہونے والے سڑک کے حادثات کے نتیجے میں ہلاک و زخمی ہوئے، جب کہ کچھ افراد موسم کی شدت برداشت نہ کرسکے۔
وائس آف امریکہ اردو کی سمارٹ فون ایپ ڈاؤن لوڈ کریں اور حاصل کریں تازہ ترین خبریں، ان پر تبصرے اور رپورٹیں اپنے موبائل فون پر۔ ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
اینڈرایڈ فون کے لیے: https://play.google.com/store/apps/details?id=com.voanews.voaur&hl=en
آئی فون اور آئی پیڈ کے لیے: https://itunes.apple.com/us/app/%D9%88%DB%8C-%D8%A7%D9%88-%D8%A7%DB%92-%D8%A7%D8%B1%D8%AF%D9%88/id1405181675