امریکہ: عید کی تقریب کے دوران فائرنگ سے تین افراد زخمی

ا

  • فائرنگ کا واقعہ مقامی پارک میں جاری عید کی تقریب کے دوران پیش آیا۔
  • پولیس نے پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے جن میں 15 سالہ لڑکا بھی شامل ہے۔

امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر فلاڈیلفیا میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔ ایک اور واقعے میں واشنگٹن ڈی سی میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور پانچ زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق فلاڈیلفیا میں فائرنگ کا واقعہ دوپہر ڈھائی بجے اس وقت پیش آیا جب بدھ کو لوگ عید کی خوشیاں منانے کے لیے فلاڈیلفیا کے ایک پارک میں جمع تھے۔

فائرنگ کے دوران بھگدڑ مچ گئی اور لوگ محفوظ مقام کی تلاش میں بھاگتے دکھائی دیے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

حکام نے بتایا کہ پانچ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن میں ایک 15 سالہ بندوق بردار لڑکا بھی شامل ہے جو پولیس کی فائرنگ سے زخمی بھی ہوا ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران ایک شخص کے پیٹ میں گولی لگی اور ایک نوجوان کے ہاتھ پر زخم تھا۔

شہر کے پولیس کمشنر کیون بیتھل نے ایک نیوز کانفرنس میں یہ بھی تصدیق کی کہ 911 کی مدد کی کالز کا جواب دینے والی پولیس کی ایک گاڑی نے ایک 15 سالہ لڑکی کو ٹکر مار دی جو پارک سے بھاگ رہی تھی۔ لڑکی کی ٹانگ پر چوٹ آئی ہے۔

عید کی تقریب میں تقریباً ایک ہزار افراد شریک تھے۔ کئی عینی شاہدین نے بتایا کہ وہ شوٹنگ کے وقت پارک سے دور بھاگنے کے گھنٹوں بعد واپس آئے اور اپنے جوتے یا سیل فون تلاش کرتے رہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

امریکی مسلمان والدین اپنے بچوں کے ساتھ رمضان کیسے مناتے ہیں؟

پولیس کمشنر کے مطابق مشتبہ افراد میں چار مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔

شوٹنگ کی جگہ پر کمبل، سٹرولرز، کولرز اور متعدد جوتوں سمیت ملبہ بکھرا ہوا تھا جب کہ لوگ کھانے پینے کی اشیا بھی ہمراہ لائے تھے۔

تقریب میں شریک زانیہ ویدر فورڈ ایک لمحے کے لیے اپنی گاڑی کے پاس پینچی ہی تھیں کہ جب انہوں نے فائرنگ کی آواز سنی اور لوگوں کو سڑک پر بھاگتے دیکھا۔

اُن کا کہنا تھا کہ "یہ صرف زندگی کا جشن ہے کہ خُدا ہمیں ہمارے گناہوں کے لیے معاف کر دے۔ ایک مہینہ ایسا ہے کہ خدا شیطان کو زنجیروں میں جکڑ دیتا ہے، لہٰذا جس نے بھی ایسا کیا وہ شیطان پر الزام بھی نہیں لگا سکتا۔"

(اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'ایسوسی ایٹڈ پریس' سے لی گئی ہیں)