میکسیکو: امریکی سرحد پر قائم امیگریشن حراستی مرکز میں آتش زدگی سے  40 افراد ہلاک

آگ لگنے سے زخمی ہونے والوں کو ایمبولنس میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ 28 مارچ 2023

امریکی سرحد پر میکسیکو کے امیگریشن حراستی مرکز میں منگل کی صبح سے پہلے آگ لگنے سے کم از کم 40 افراد ہلاک ہو گئے۔

یہ آگ ٹیکساس کے ایل پاسو کے قریب واقع سیوداد خواریز میں قائم نیشنل مائیگریشن انسٹی ٹیوٹ کے زیر انتظام سینٹر میں لگی۔

آتش زدگی کے مقام کی تصاویر میں اس تنصیب کی پارکنگ لاٹ میں کئی لاشیں کمبلوں سے ڈھکی ہوئی نظر آ رہی ہیں۔

ادارے کے حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے 29 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

وسطی اور جنوبی امریکہ کے کم از کم 68 مردوں کو سیوداد خواریز میں واقع اس مرکز میں رکھا گیا تھا۔

یہ علاقہ ان تارکین وطن یا پناہ کے متلاشیوں کے لیے سرحد پار کرنے کا ایک بڑا ذریعہ ہے جو امریکہ میں داخل ہونا چاہتے ہیں۔

SEE ALSO: بائیڈن کا دورہٴ میکسیکو: ایجنڈے پر امیگریشن اور تجارت شامل

آگ لگنے کی وجوہات کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہر ماہ تقریباً دو لاکھ افراد میکسیکو سے سرحد عبور کر کے امریکہ جانے کی کوشش کرتے ہیں۔

ان میں سے زیادہ تر کا تعلق وسطی اور جنوبی امریکہ سے ہوتاہے اور وہ پناہ کی درخواست کرتے وقت غربت اور تشدد کا حوالہ دیتے ہیں۔

انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کی ایک حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ، 2014 سے، تقریباً 7661 تارکین وطن امریکہ جاتے ہوئے ہلاک یا لاپتہ ہوئے، جب کہ 988 حادثات یا غیر انسانی حالات میں سفر کے دوران ہلاک ہوئے۔

(اس خبر کے لیے کچھ معلومات اے ایف پی سے لی گئیں ہیں)