امریکی محکمہٴ انصاف نے کہا ہے کہ حکام نے ریاست نیویارک کے ایک باشندےکو گرفتار کیا ہے جو سال نو کے جشن کے دوران داعش کی جانب سے شہریوں کو قتل کرنے کی مبینہ منصوبہ بندی کر رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 25 سالہ ایمونوئل لیچمن پر جمعرات کو عدالت میں ابتدائی پیشی کے دوران دولت اسلامیہ کو مادی مدد فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عدالتی دستاویزات کے مطابق، مدعا علیہ کا دعویٰ ہے کہ اسے نیویارک کے علاقے، روچسٹر میں واقع ایک ریسٹورنٹ بار میں شہریوں کے خلاف مسلح حملہ کرنے کی ہدایت بیرون ملک سے ملی تھی۔
معاون امریکی اٹارنی جنرل جان کارلین نے تصدیق کی ہے کہ ’حملہ جمعرات کی شب کرنے کا منصوبہ تھا۔ لیکن، شکر ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اس قابل تھے کہ انھوں نے مداخلت کی اور لیچمن کے تباہ کن منصوبے کو ناکام بنا دیا‘۔
مغربی نیویارک میں ایف بی آئی کے اعلیٰ ایجنٹ، ایڈم کوہن کا کہنا ہے کہ سال نو کی تقریبات کے دوران، مبینہ منصوبہ تو ناکام بنا دیا گیا، لیکن ان کی یہ تشویش برقرار ہے کہ بیرون ملک سے لوگ انٹرنیٹ استعمال کرکے امریکہ میں لوگوں کو تشدد پر اکسا سکتے ہیں۔
پوری دنیا میں سال نو کی تقریبات کے دوران، بہت سے شہروں میں سیکورٹی کے انتظامات کو سخت کئے جانے کی خبروں کے بعد اس گرفتاری کی خبر موصول ہوئی ہے۔