جمعے کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے بات چیت میں انور منصور نے اپنے استعفے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ سوئس مقدمات کو عدالت عظمیٰ کے حکم کے مطابق دوبارہ کھولنے اور اس حوالے سے اُنھیں دستاویزات کی فراہمی میں وزرات قانون بالخصوص وزیر قانون اُن کے ساتھ تعاون نہیں کررہے تھے ۔
اُنھوں نے کہا کہ اس صورت حال میں وہ اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھانے سے قاصر تھے اور اُنھوں نے اپنا استعفیٰ صدر آصف علی زرداری کو بھجوادیا ہے۔
اٹارنی جنرل انور منصور نے ایک روز قبل عدالت عظمیٰ میں اس مقدمے کی سماعت کے دوران بھی یہی موقف پیش کیا تھا۔