ملبورن میں نائٹ کلب کے باہر فائرنگ، سیکورٹی اہلکار ہلاک

آسٹریلیا کے شہر ملبورن میں ایک نائٹ کلب کے باہر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم ایک سیکورٹی اہلکار ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ اتوار کو صبح سویرے پراہران میں واقع لو مشین نائٹ کلب کے باہر پیش آیا۔

اطلاعات کے مطابق ایک شخص نے اپنی گاڑی کے اندر سے ہجوم پر فائرنگ کر دی جس کے باعث ایک سیکورٹی اہلکار ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔ دو زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس کی خاتون ترجمان کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں تاہم فوری طور پر اس کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی جس کے باعث کوئی گرفتاری بھی ابھی تک عمل میں نہیں آ سکی ہے۔ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ دہشت گردی کی کارروائی ہو سکتی ہے۔

گزشتہ سال مغربی آسٹریلیا میں خود کش حملے کے میں ایک ہی خاندان کے سات افراد ہلاک ہو گئے تھے جسے ملک کا مہلک ترین حملہ قرار دیا گیا تھا۔