اوپنرز ڈیوڈ وارنر اور بین کرافٹ کی شاندار بیٹنگ کے باعث آسٹریلیا نے برسبین ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
وارنر نے 87 اور بین کرافٹ نے 82 رنز کی اننگز کھیلی۔
برسبین ٹیسٹ کے پانچویں روز آسٹریلیا نے 114رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی اننگز شروع کی تو اسے جیت کے لیے صرف 56 رنز کی ضرورت تھی۔
وارنر اور بین کرافٹ نے آج بھی انگلش بولرز کو وکٹ لینے کا کوئی موقع نہیں دیا اور بغیر وکٹ گنوائے 173 رنز بناکر ٹیم کو فتح سے ہم کنار کردیا۔
گزشتہ 31 سال سے انگلینڈ نے برسبین کرکٹ گراؤنڈ پر اب تک آسٹریلیا کے خلاف کوئی ٹیسٹ نہیں جیتا۔ انگلش ٹیم نے آخری مرتبہ اس گراؤنڈ پر 14 نومبر 1986ء کو کامیابی حاصل کی تھی۔
آسٹریلیا نے 2007ء سے اب تک انگلینڈ کو ساتویں مرتبہ 10 وکٹوں سے شکست دی ہے جبکہ گابا کے گراؤنڈ میں انگلش ٹیم کو دوسری مرتبہ 10 وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔
سن 1990ء میں آسٹریلیا نے 157رنز کا ہدف حاصل کرکے انگلینڈ کو 10 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ کو شاندار سنچری پر 'مین آف دی میچ' قرار دیا گیا۔
آخری اسکور یہ رہا:انگلینڈ 302 اور 195 رنز۔ آسٹریلیا 328 اوربغیر کوئی نقصان 173۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 6 دسمبر سے ایڈیلیڈ اوول میں کھیلا جائے گا۔