پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور اعزاز حاصل کرلیا ہے، وہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کے پہلے اور دنیا کے پانچویں بلے باز بن گئے ہیں، جنہوں نے اس فارمیٹ میں تین ہزار رنز مکمل کر لیے ہیں۔ بابر نے یہ اعزاز 81 اننگز کھیل کر حاصل کیا ہے جب کہ وراٹ کوہلی نے بھی اتنی ہی اننگز کھیل کر یہ سنگِ میل عبور کیا تھا۔
بابر اعظم اور کوہلی کے علاوہ بھارتی بلے باز روہت شرما، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل اور آئر لینڈ کے پال اسٹرلنگ بھی ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں تین ہزار رنز بنا چکے ہیں۔
بابر اعظم نے یہ اعزاز جمعے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے میچ میں اپنی شان دار اننگز کی بدولت حاصل کیا، تاہم اس اننگز کے باوجود پاکستان یہ میچ ہار گیا۔
پاکستانی کپتان نے جمعے کو انگلینڈ کے خلاف سیریز کے چھٹے ٹی ٹوئنٹی میں 59 گیندوں پر 87 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں سات چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔
پاکستان ٹیم نے اس میچ میں بابر اعظم کی اننگز کی بدولت مہمان انگلیںڈ کو 170 رنز کا ہدف دیا، جو اس نے باآسانی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
اگر پاکستان ٹیم کے دیگر بیٹرز کی بات کریں تو محمد حفیظ، شعیب ملک اور محمد رضوان ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دو ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سات ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیزیز تین، تین سے برابر ہے۔ سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ اتوار کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔