پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ریکارڈ بک میں ایک اور اضافہ کر لیا ہے ایک کلینڈر ایئر میں وہ سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بلے باز بن گئے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پیر کو کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز بابر نے اپنا 13واں رن مکمل کیا تو ایک سال میں ان کے رنز کی تعداد 2436 ہو گئی تھی۔
اس طرح بابر اعظم نے ایک کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا سابق کرکٹر محمد یوسف کا ریکارڈ توڑ دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز محمد یوسف نے 2006 کے کلینڈر سال میں 2435 انٹرنیشنل رنز بنائے تھے۔
بابر اعظم نے اس سال ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 735، ون ڈے میں 679 اور ٹیسٹ میں ایک ہزار سے زائد رنز بنائے ہیں۔
واضح رہے کہ ایک کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا عالمی ریکارڈ سابق آسٹریلوی کپتان ری پونٹنگ کے پاس ہے۔ انہوں نے 2014 میں 48 میچز میں 2868 رنز بنائے تھے۔
ایک سال میں سب سے زیادہ نصف سینچریاں
نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں نصف سینچری بنانے کے بعد بابر اعظم نے ایک سال کے دوران سب سے زیادہ نصف سینچریاں بنانے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا ہے۔
بابر اعظم کی ایک سال میں یہ پچیسویں نصف سینچری ہے۔ اس سے قبل آسٹریلیا کے سابق کپتان ری پونٹنگ نے 2005 کے کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ 24 سینچریوں کا ریکارڈ بنایا تھا۔