|
ویب ڈیسک- پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے شاید اب یہ 'نیو نارمل' ہے۔ کیوں کہ گرین شرٹس کو آئی سی سی کے بیش تر ایونٹس میں اگلے مرحلے تک رسائی کے لیے دوسری ٹیموں کے نتائج یا موسم پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔
گزشتہ برس بھارت میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ میں سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے میچ سے قبل پاکستانی فینز بارش کی دعائیں کر رہے تھے تو اب امریکہ اور آئرلینڈ کے میچ میں بارش نہ ہونے کی اُمید کر رہے ہیں۔
مذکورہ میچ میں تو بارش نہیں ہوئی اور نیوزی لینڈ، سری لنکا کو شکست دے کر سیمی فائنل تک پہنچ گیا۔ تاہم پاکستانی فینز اب پھر موسم سے اُمیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکہ اور پھر روایتی حریف بھارت سے شکست کے بعد پاکستان عالمی مقابلے سے باہر ہونے کے قریب ہے۔ ایسے میں فلوریڈا کا خراب موسم شاہینوں کے لیے مزید پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں حکام نے پورا ہفتہ طوفانی بارشوں کی پیش گوئی کر رکھی ہے۔ 48 گھنٹوں کے دوران جنوبی فلوریڈا کے کئی علاقوں میں شدید بارشوں اور طوفان کی وجہ سے متعدد علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔
امریکہ اور آئرلینڈ جمعے کو فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں مدِمقابل آئیں گے۔ اگر آئرلینڈ امریکہ کو شکست دے اور پاکستان اتوار کو شیڈول آئرلینڈ کے خلاف اپنے میچ میں کامیاب ہو تو اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر لے گا۔
لیکن اگر امریکہ نے آئرلینڈ کو شکست دے دی یا میچ بارش کی وجہ سے متاثر ہو گیا تو دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ مل جائے گا اور یوں امریکہ سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ جائے گا۔
فلوریڈا کے خراب موسم کی وجہ سے منگل کو سری لنکا اور نیپال کے درمیان میچ بھی نہیں ہو سکا تھا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق امریکہ اور آئرلینڈ کے میچ کے دوران بارش کے 60 سے 70 فی صد امکانات ہیں۔ پاکستانی وقت کے مطابق یہ میچ جمعے کی رات ساڑھے سات بجے شروع ہو گا۔
دوسری جانب 16 جون کو پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان میچ میں بھی بارش کے 47 فی صد امکانات ہیں۔
واضح رہے کہ میگا ایونٹ کے ابتدائی دو میچز میں شکست نے پاکستان کی ورلڈ کپ مہم کو متاثر کیا ہے۔ تیسرے میچ میں کینیڈا کو شکست دینے کے بعد پاکستانی ٹیم نے دو پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں، تاہم وہ اب بھی بھارت اور امریکہ سے پیچھے ہے۔ بھارت تین میچز میں چھ پوائنٹس حاصل کر کے سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔
امریکہ بھی پاکستان اور کینیڈا کو شکست دے کر ایونٹ میں چار پوائنٹس حاصل کر چکا ہے۔
پاکستان نے 2022 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی حیران کن طور پر اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کی تھی۔ جنوبی افریقہ کی نیدرلینڈز کے ہاتھوں شکست کے بعد ہی پاکستان ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر پائی تھی۔