فلم ’باجی راوٴ مستانی‘ کی پاکستان میں ریلیز مشکلات کا شکار

’فلم ایک تاریخی ڈرامہ ہے جس میں بالواسطہ طور پر اسلام اور مسلمانوں کیخلاف مواد موجود ہے‘

کراچی ... لگتا کچھ یوں ہے کہ رنویر سنگھ اور دپیکا پڈکون کی آنے والی فلم ’باجی راوٴ مستانی’ کی پاکستان میں ریلیز کھٹائی میں پڑنے والی ہے، کیونکہ پاکستان کے مرکزی فلم سرٹیفیکیشن بورڈ یعنی سنسر بورڈ نے فلم کے مواد پر اعتراض کر دیا ہے۔

فلم کی ریلیز میں اب چند دن ہی باقی رہ گئے ہیں۔ لیکن، پاکستانی سنسر بورڈ نے تاحال فلم کو نمائش کا سرٹیفیکٹ جاری نہیں کیا ہے۔ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن آف پاکستان(سی بی ایف سی)کے چیئرمین مبشر حسن کا کہنا ہے کہ ’باجی راوٴمستانی‘ کو سرٹیفیکیٹ نہ دینے کی پہلی وجہ تو یہ ہے کہ فلم ہندی میں ہے اورہمارا آرڈیننس ہندی فلموں کی نمائش کی اجازت نہیں دیتا۔‘

ان کا مزید کہنا ہے ’فلم ایک تاریخی ڈرامہ ہے جس میں بالواسطہ طور پر اسلام اور مسلمانوں کیخلاف مواد موجود ہے۔‘

سنسر بورڈ کا پینل ابتدائی طور پر فلم کو مسترد کر چکا ہے۔ تاہم فلم کے مقامی ڈسٹری بیوٹرز کے مطالبے پر فل بورڈ فلم دوبارہ دیکھے گا۔

پنجاب سنسر بورڈ نے فلم کو بغیر کاٹ چھانٹ کے پاس کردیا ہے۔ صوبائی سنسر بورڈ کے سیکشن افسر کے مطابق فلم میں کچھ بولڈ مناظر ہیں۔ لیکن مجموعی طور پر ’باجی راوٴمستانی ‘ تاریخی فلم ہے جس میں کئی سبق بھی موجود ہیں۔

ایکسپریس ٹری بیون کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ’سندھ بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن نے کچھ مناظر کوسنسر کیا ہے۔‘

ایگزیکٹو ڈائریکٹر آئی ایم جی سی عابد رشید کا کہنا ہے کہ ایس بی ایف سی نے ابتدائی 15سے20 سیکنڈز کے مناظر ایڈیٹ کئے ہیں، اس سے فلم کی کوالٹی پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی سنسر بورڈ بھی فلم کو نمائش کی منظوری دے دے گا۔

اس سے قبل شاہد کپور کی فلم ’حیدر‘ کو بھی پاکستان میں ریلیز کی منظوری نہیں ملی تھی جبکہ عامرخان کی بلاک بسٹر فلم ’پی کے‘ کے بعض مناظر کو فلم سے حذف کر دیا گیا تھا۔